اومی کرون پاکستان کو بھی متاثر کریگا،2 سے 3ہفتے انتہائی اہم ہیں،اسد عمر

کورونا کی نئی قسم بہت زیادہ خطرناک ہے، ویکسی نیشن ہی بچاؤ کا واحد ذریعہ ہے،پہلی ڈوز لگوانے والے آج ہی دوسری ڈوز لگوائیں،وفاقی وزیر

وفاقی وزیراسد عمر نے کہا ہے کہ کرونا کی نئی قسم اومی کرون پاکستان کوبھی متاثر کرے گی ،دو سے تین ہفتے انتہائی اہم ہیں، کرونا کی نئی قسم بہت زیادہ خطرناک ہے،ویکسی نیشن ہی بچاؤ کا واحد ذریعہ ہے،پہلے ڈوز لگوانے والے آج ہی دوسرے ڈوز لگوائیں۔

سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینئر(این سی اوسی) اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی  اسد عمر نے اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کا نیا ویرینٹ اومی کرون دنیا بھر میں پھیل رہا ہے، جو انتہائی خطرناک ہے مگر ویکسی نیشن اس کے لئے موثر ہوگی، 5 کروڑ پاکستانیوں کی ویکسی نیشن مکمل ہوچکی۔

یہ بھی پڑھیے

خبردار ہوشیار! کورونا وائرس کا افریقی ویریئنٹ آگیا

برطانیہ میں نئے کورونا ویریئنٹ ‘اومی کرون’ کے وار جاری

اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نئے کورونا ویرینٹ کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، کورونا کا نیا ویرینٹ اومی کرون پاکستان کو بھی متاثر کرے گا، اگلے 2 سے 3 دن میں تمام صوبوں میں بڑی کورونا ویکسی نیشن مہم شروع ہو رہی ہے، تمام پاکستانی اپنی ویکسی نیشن جلدی کرائیں۔

معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا کے نئے ویرینٹ کا پھیلاؤ پرانے وائرس کی نسبت زیادہ تیزی سے ہو رہا ہے، ویکسین میں تاخیر کرنیوالے دنیا بھر میں متاثر ہو رہے ہیں، ہمارے فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، کروڑوں ویکسین لگا چکے ہیں مگر کروڑوں ویکسین لگوانا باقی ہے۔

واضح رہے کہ کرونا کی نئی قسم اومی کرون نے دنیا بھر میں پنجے گاڑنا شروع کردیے. ڈیلٹا ویرینٹ سے دُگنی رفتار سے پھیلنے والے اس وائرس نے جنوبی افریقا سے سر اٹھایا اور اب تک یہ وائرس برطانیہ، جرمنی، بیلجیم، اٹلی ، چیک ری پبلک اور آسٹریلیا پہنچ چکا ہے۔ جبکہ جنوبی افریقا سے بھارت پہنچنے والے شہری میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ تاہم یہ تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ متاثرہ شہری امی کرون وائرس کا شکار ہوا ہے یا نہیں۔

متعلقہ تحاریر