یونائیٹڈ کے اعظم خان نے اپنے والد کی ٹیم گلیڈی ایٹرز کا بھرکس نکال دیا

اعظم خان  نے 6چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 35گیندوں پر65رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی،والدہ اور بہن خوشی سے نہال

پاکستان سپر لیگ میں پہلی مرتبہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنےو الے دائیں بازو کے بلے باز اعظم خان نے اپنے والد کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا بھرکس نکال دیا۔اعظم خان  نے دھواں دھار اننگز کھیل کر ناقدین  کو غلط ثابت کردیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7  کے  10ویں میچ  میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے  بلے بازوں کی عمدہ کاکردگی کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 43رنز سے شکست دیکر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔

یہ بھی پڑھیے

گلیڈی ایٹرز کو دھچکہ،حسنین کا بولنگ ایکشن غیرقانونی قرار

مائیکل وان نے پی ایس ایل کو دنیا کی دوسری بہترین لیگ قرار دیدیا

 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  کے ہیڈ کوچ  معین  خان کے صاحبزادے  اعظم خان نے اہم کردار ادا کیا ۔

اعظم خان نے 35گیندوں پر 65 رنز بنائے جبکہ کولنگ منرو 39گیندوں پر 72رنز بناکر نمایاں رہے ۔واضح رہے کہ اعظم خان گزشتہ سیزن میں  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کررہے تھے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ہائی اسکورنگ میچ میں  چھکوں اور چوکوں کی برسات  کی بدولت مجموعی طور پر419رنز بنے ۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں نے 17چوکے اور 15چھکے لگائے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹر زکے بلے بازوں نے 15چوکےا ور 9چھکے لگائے۔اعظم خان کی اننگز6 چھکوں اور 2چوکوں پر مشتمل تھی۔

اعظم کی کامیابی پر ان کی والدہ اور بہن بھی خوشی سے نہال نظر آئیں۔

ان کی والدہ نے کہا کہ میں نے نماز پڑھ کر  اعظم  کی اچھی کارکردگی اور اپنے میاں معین خان کی ٹیم کی کامیابی کیلیے دعا کی تھی ۔انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی سپورٹر رہی ہیں کیونکہ اعظم نے سب سے پہلی کوئٹہ کی ٹیم سے ہی کھیلا تھا۔اعظم کی بہن نے کہا کہ بھائی  کا شاہد آفریدی کی گیندوں پر چھکے  لگانا اچھا لگا۔

متعلقہ تحاریر