کرونا کے سائے میں اسلام آباد میں میوزک کنسرٹ کا انعقاد

کنسرٹ کے دوران شائقین کی جانب سے کرونا ایس او پیز کی کھلے عام خلاف ورزی کی گئی۔

کرونا وائرس کے تاریک سائے اور تیسری لہر کے دوران میوزک کنسرٹ کا انعقاد خطرے کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ ایک جانب وزارت تعلیم نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایات پر پنجاب کے 7 بڑے شہروں میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے اسکولز بند کر دیے ہیں تو دوسری جانب اسلام آباد میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میوزک کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔

ملک بھر میں کرونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باوجود وفاقی دارالحکومت کے کنونشن سینٹر میں منعقدہ ذائقہ فیسٹیول کے آخری روز میوزک کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا۔ جبکہ کراچی میں ہونے والے معروف گلوکار عاطف اسلم کے میوزک کنسرٹ کو شہری انتظامیہ نے آخری وقت میں منسوخ کرا دیا۔

اسلام آباد میں ہونے والے میوزک کنسرٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور پاکستان ریڈ کریسنٹ کے چیئرمین گلوکار ابرارالحق، گلوکار امانت علی اور گلوکار بلال سعید سمیت کئی دیگر فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

میوزک کنسرٹ میں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کنسرٹ کے دوران شائقین نے کرونا سے متعلق احتیاطی تدابیر کی کھلی خلاف ورزی کی۔ ماسک بھی نہیں پہنے گئے اور سماجی فاصلے کو بھی نظر انداز کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

کرونا کی تازہ لہر، اسکولز اور تفریحی مقامات کھولنے پر نظر ثانی ممکن

دوسری جانب کراچی میں ہونے والے گلوکار عاطف اسلم کے کنسرٹ کو روک دیا گیا ہے۔ پروگرام کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے مطلوبہ مقام پر اجازت نہ ملنے کی وجہ سے میوزک کنسرٹ ملتوی کیا ہے۔

عاطف اسلم کراچی کانسرٹ
Pro Pakistani

کراچی کے ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی ارشاد سودھار کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کرونا ایس او پیز کے تحت شام 6 بجے تک تمام اقسام کے پارکس کو بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جس کی وجہ سے کنسرٹ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے اسلام آباد میں میوزک کنسرٹ کے انعقاد کی مذمت کی ہے۔

اسلام آباد نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے طنزیہ پیغام میں کہا ہے کہ کرونا کو تعلیم دی گئی ہے کہ تم نے صرف اسکولز اور دیگر تعلیمی اداروں کا رخ کرنا ہے۔

اتوار کو ہونے والے میوزک کنسرٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ٹوئٹر کے ایک صارف عمر قریشی نے لکھا کہ سنیچر کے روز وفاقی دارالحکومت میں 345 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر اور اُن کے اہل خانہ کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے لیکن اُس کے باجود وفاقی دارالحکومت جیسے شہر میں ایسی بد احتیاطی حکومتی غیر سنجیدگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

متعلقہ تحاریر