سلمان اقبال نے مجعمہ اکٹھا کر کے کرونا ایس او پیز کو روند دیا
بار بار کرونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر کا درس دینے والے چینل کے مالک کی تقریب میں ایس او پیز کو نظرانداز کیا گیا۔

پاکستانی ٹی وی چینلز کے گروپ اے آر وائی نیٹ ورک کے مالک سلمان اقبال نے سابق ماڈل سونیا خان کے ساتھ اپنی شادی کی سالگرہ منائی ہے جس کی تقریب میں مشہور شخصیات نے شرکت کی۔ بار بار کرونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر کا درس دینے والے ٹی وی چینل کے مالک کی تقریب میں ایس او پیز کو مکمل نظرانداز کیا گیا ہے۔
جمعرات کو سلمان اقبال نے اپنی دوسری اہلیہ سونیا خان کے ساتھ شادی کی سالگرہ کی ایک شاندار تقریب منعقد کی۔ تقریب میں فیصل قریشی، عدنان صدیقی، ہمایوں سعید، علی رحمان اور ثروت گیلانی سمیت شوبز انڈسٹری کے بڑے ناموں کو مدعو کیا گیا تھا۔ جبکہ کھیل سے متعلق شخصیات اور سیاستدانوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
View this post on Instagram
عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار استاد راحت فتح علی خان نے سلمان اقبال اور سونیا خان کے لیے قوالی پیش کی جس سے شرکاء نے خوب سراہا۔
View this post on Instagram
تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں جسے دیکھ کر صارفین حیران رہ گئے ہیں کیونکہ سلمان اقبال کے چینل پر کرونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی جتنی ترغیب کی جاتی ہے تقریب میں اتنی ہی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تقریب میں سماجی فاصلے یا ماسک پہننے سمیت کرونا ایس او پیز کا بالکل بھی خیال نہیں رکھا گیا ہے۔
View this post on Instagram
اے آر وائی نیٹ ور کے مالک کے علاوہ سلمان اقبال کی ایک اور پہچان یہ ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کراچی کنگز کے بھی مالک ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گذشتہ دنوں پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن ملتوی کیا ہے کیونکہ کئی کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی تھی۔ پی ایس ایل کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی کی جارہی تھی اور بائیو سکیورڈ ببل کے ضابطے کی خلاف ورزی کا ذمہ دار سلمان اقبال کو بھی قرار دیا جارہا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
سلمان اقبال نے پی ایس یل 6 میں رانا فواد کی کمی پوری کردی
ایک طرف پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن کرونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا ہے تو دوسری جانب سلمان اقبال نے اپنے ہی گھر میں ہی مجمعہ اکٹھا کرلیا ہے۔ سلمان اقبال پر ’دوسروں کو نصیحت خود میاں فصیحت‘ کا محاورہ صادق آتا ہے کیونکہ اے آر وائی پر شب و روز کرونا ایس او پیز پر عمل کرنے کا درس دیا جاتا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں پر تنقید کی جاتی ہے۔ لیکن یہی چینل اپنے مالک کے گھر کی تقریب میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر خاموش ہے۔