خیبرپختونخوا میں کرونا کی وباء سے 51 ڈاکٹرز کا انتقال

خیبرپختونخوا میں ایک اور ڈاکٹر کرونا کی وباء کے باعث انتقال کر گئے ہیں جو وباء کے خلاف فرنٹ لائن پر ڈیوٹی کرتے ہوئے اس کا شکار ہوئے تھے۔

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں کرونا کی وباء نے ایک اور ڈاکٹر کی جان لے لی ہے جس کے بعد صوبے میں وباء سے انتقال کرنے والے ڈاکٹرز کی تعداد 51 ہوگئی ہے۔

پاکستان میں کرونا کی وباء کی تیسری لہر جاری ہے جسے پہلے سے بھی زیادہ خطرناک اور جان لیوا قرار دیا جارہا ہے۔ وباء نے جان بچانے والوں کی جان کو بھی نہیں بخشا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی کے شاپنگ مالز میں ایس او پیز کی کھلے عام خلاف ورزی

پروینشل ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے مطابق گریڈ 19 کے ڈاکٹر محمد توفیق ڈینٹل سرجن پشاور کے پولیس سروسز اسپتال میں کرونا سے لڑتے ہوئے خود کرونا کا شکار ہوگئے ہیں۔ ڈاکٹر محمد توفیق کرونا کی وباء کے خلاف فرنٹ لائن پر ڈیوٹی کرتے ہوئے وباء کا شکار ہوئے تھے جنہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا۔

پروینشل ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے مطابق ڈاکٹر محمد توفیق کا تعلق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ کی تحصیل تنگی گاؤں مرزا دیار سے تھا۔ ان کی نماز جنازہ منگل شام حیات آباد میں ادا کی جائے گی۔

خیبرپختونخوا حکومت نے تاحال ڈاکٹرز اور دیگر ہیلتھ ملازمین کو شہداء پیکج نہیں دیا ہے جس کا اعلان کیا گیا تھا۔

محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں کرونا کی وباء سے اب تک کم از کم 2 ہزار 457 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ وباء سے متاثرہ افراد کی تعداد 92 ہزار 423 سے زیادہ ہوگئی ہے۔

متعلقہ تحاریر