گریٹا تھنبرگ کا غریب ممالک میں کرونا ویکسین کے لیے عطیہ

گریٹا کے مطابق عطیہ کی گئی رقم سے خریدی گئی ویکسین غریب ممالک میں تقسیم ہوگی۔

سویڈن سے تعلق رکھنے والی ماحولیاتی تحفظ کی سرگرم کارکن گریٹا تھنبرگ نے غریب ممالک کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کرنے کے لیے عالمی ادارہ صحت کو ایک لاکھ یورو عطیہ کیے ہیں۔

گریٹا تھنبرگ نے دنیا بھر میں پھیلے کرونا وائرس سے بچاؤ کی مہم میں اپنا حصہ ڈال دیا۔ گریٹا نے عالمی ادارہ صحت کو ایک لاکھ یورو کی رقم عطیہ کردی جوکہ ویکسین کی خریداری کے لیے استعمال کی جائے گی۔

گریٹا کے مطابق عطیہ کی گئی رقم سے خریدی گئی ویکسین دنیا کے ان غریب ممالک میں تقسیم ہوگی جہاں کے شہری اور ہیلتھ ورکرز کرونا وائرس کے باعث موت کے منہ میں جارہے ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں گریٹا نے کہا کہ وبا سے بچاؤ کی ویکسین امیر ترین ملکوں نے حاصل کرلی ہے جبکہ غریب ممالک کو ویکسین کی دستیابی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس حوالے سے گریٹا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی پیغام  شیئر کیا۔

یہ بھی پڑھیے

گریٹا تھنبرگ نے ڈونلڈ ٹرمپ سے حساب برابر کرلیا

 18 سالہ سماجی کارکن نے بین الاقوامی برادری سے ویکسین کی تقسیم میں عدم مساوات کو دور کرنے کی اپیل کی۔

عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانم گیبریسس نے گریٹا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ گریٹا نے ویکسین کی فراہمی میں عدم مساوات کے خاتمے کے لیے قدم اٹھایا۔ امید ہے کہ اب مزید نوجوان بھی اس حوالے سے آگے آئیں گے۔ ڈاکٹر ٹیڈروس کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے خصوصی ویکسین فنڈ سے دنیا کے 92 غریب ممالک میں لوگوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے باعث اب تک 30 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد کروڑوں میں ہے۔

متعلقہ تحاریر