دوران آپریشن اے سی بند ہونے سے ڈاکٹر بےہوش

شیخ زید وومن اسپتال کے آپریشن تھیٹر کا ایئر کنڈیشنر گذشتہ کئی روز سے خراب ہے۔

پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ کے شیخ زید وومن اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر دوران آپریشن بےہوش ہوگئیں۔ یہ واقعہ آپریشن تھیٹر کا ایئر کنڈیشنر (اے سی) خراب ہونے کے باعث پیش آیا تھا۔

صوبہ سندھ کے مختلف شہروں کے اسپتالوں کی بدترین حالت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ خاص طور پر اندرون سندھ کے میڈیکل سینٹرز میں تو کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ لاڑکانہ کے شیخ زید وومن اسپتال میں شدید گرمی میں آپریشن تھیٹر کا ایئر کنڈیشنر خراب ہونے کے باعث ڈاکٹر لھچمی دوران آپریشن بےہوش ہوگئیں۔ ساتھی ڈاکٹرز صورتحال سے پریشان ہوگئیں جنہوں نے بےہوش لیڈی ڈاکٹر کو سہارا دے کر بینچ پر بٹھایا اور طبی امداد دینے کی کوشش کی۔

ساتھی ڈاکٹرز نے واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی جو وائرل ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیے

امن فاؤنڈیشن کی ایمبولینس کرونا کے مریضوں کی مددگار

شیخ زید وومن اسپتال کے آپریشن تھیٹر کا ایئر کنڈیشنر گذشتہ کئی دنوں سے خراب ہے۔ اس حوالے سے اسپتال کے عملے نے انتظامیہ کو کئی مرتبہ شکایات درج کرائی تھیں لیکن کسی نے معاملے پر توجہ نہیں دی تھی۔

اندرون سندھ کے اسپتالوں اور میڈیکل سینٹرز میں سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث نہ صرف ڈاکٹرز اور عملے کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے بلکہ مریض بھی روزانہ کی بنیاد پر پریشانی کا شکار ہیں۔

متعلقہ تحاریر