کرونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے حصول میں مشکلات

شہریوں کا کہنا ہے کہ نادرا اور ویکسینیشن سینٹر میں شکایت درج کرانے کے باجود مسئلہ حل نہیں ہورہا ہے۔

سندھ میں شہریوں کو کرونا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے۔ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے متعدد شہریوں کا آن لائن ڈیٹا اندراج نہیں کیا گیا ہے۔

ملک بھر میں کرونا سے بچاؤ کی ویکسین تیزی سے لگوائی جارہی ہے۔ صوبہ سندھ کے مختلف شہروں میں بھی ویکسینیشن سینٹرز قائم کردیئے گئے ہیں۔ کراچی کے متعدد شہریوں نے کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوالی ہیں لیکن ان کے سرٹیفکیٹ سے متعلق نئی مشکل کھڑی ہوگئی ہے۔

ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے کے باوجود بیشتر شہریوں کا آن لائن ڈیٹا اندراج نہیں ہوا ہے۔ کراچی کے ضلع شرقی سے ویکسین لگوانے والے افراد کی بڑی تعداد اس مشکل کا شکار ہے۔ نادرا کی ویب سائٹ پر ویکسین سرٹیفکیٹ کی درخواست دینے والے شہریوں کو پیغام موصول ہورہا ہے کہ انہوں نے ویکسین کی صرف ایک خوراک لی ہے اس لیے انہیں سرٹیفکیٹ نہیں دیا جاسکتا۔

یہ بھی پڑھیے

ویکسین لگوائیں اور تنخواہ پائیں

یہ مسئلہ نادرا کی ویب سائٹ پر ڈیٹا اپ ڈیٹ نہ ہونے کے باعث پیش آرہا ہے تاہم ادارے سے رابطہ کرنے پر شہریوں سے کہا گیا ہے کہ انہوں نے جہاں سے ویکسینشن کرائی ہے مسئلہ وہیں سے حل ہوگا۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن سینٹرز اور ضلعی ہیلتھ افسران کو شکایات درج کرانے کے باوجود بھی تاحال مسئلے کا حل نہیں نکل سکا ہے۔

واضح رہے کہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے اجراء نہ ہونے سے بیرون ملک جانے والے شہری سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں کیونکہ پاکستان سے باہر جانے والوں کے لیے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

متعلقہ تحاریر