کراچی کے سینٹرز پر اسٹرا زینیکا ویکسین کی قلت
اسٹرا زینیکا کی پہلی خوراک لگوانے والے شہری مختلف سینٹرز کے چکر کاٹنے پر مجبور ہوگئے۔
کراچی کے ویکسین سینٹرز پر کرونا سے بچاؤ کی ویکسین اسٹرا زینیکا کی قلت کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ پہلی خوراک لگوانے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ مختلف سینٹرز پر اسٹرا زینیکا کی دوسری خوراک کے لیے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن انہیں کہیں بھی ویکسین نہیں مل رہی۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے عوام کو مختلف ویکسینز لگائی جارہی ہیں گزشتہ چند دنوں سے کراچی کے سینٹرز پر اسٹرا زینیکا ویکسین کی خوارک ختم ہوگئی ہے جس کے باعث دوسری خوراک لگوانے والے شہری پریشان ہیں۔
گلشن اقبال کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہیں ایکسپو سینٹر میں اسٹرا زینیکا کی پہلی خوارک لگائی گئی جب دوسرے ڈوز کا وقت آیا تو انہیں ویکسین کی عدم موجودگی کا کہہ کر گھر بھیج دیا گیا۔ شہریوں نے شکایت کی کہ ویکسینیشن سینٹرز پر انتظامیہ کا رویہ بھی نامناسب ہوتا ہے اور صحیح جواب نہ دینے کے باعث انہیں مشکلات سامنا کرنا پڑتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
سندھ میں جعلی ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ والوں کے شناختی کارڈ بلاک ہوں گے
گلشن اقبال کی رہائشی خاتون شازیہ بی بی کا کہنا تھا کہ انہیں 18 آگست کو دوسری خوراک لگنی تھی لیکن ایک ہفتہ ختم ہونے کو ہے اور وہ شہر کے مختلف سینٹرز کے چکر لگا چکی ہیں لیکن ابھی تک دوسری خوراک نہیں لگ سکی ۔
دوسری جانب محکمہ صحت کے ترجمان مہر خورشید نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے آج ویکسین صوبے کے حوالے کی جائے گی جس کے بعد مختلف سینٹرز پر ویکسین کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔