گداگروں اور اقلیتی برادری کی ویکسینیشن کا فیصلہ

محکمہ صحت سندھ نے اقلیتی برادری کی ویکسینیشن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث سندھ حکومت نے کراچی میں گداگروں اور اقلیتی برادری کو ویکسین لگانے کا اعلان کیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں کرونا کے 4 ہزار 75 ہزار مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.79 تک جاپہنچی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی کے سینٹرز پر اسٹرا زینیکا ویکسین کی قلت

ملک کے مختلف حصوں سے کراچی آنے والے گداگر مختلف فلائی اوورز اور پلوں کے نیچے رہائش اختیار کرتے ہیں۔ ایسے میں وائرس پھیلنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اسی لیے محکمہ صحت کے عہدیداروں نے کہا کہ یونین کونسل (یوسی) کی سطح پر ایک منصوبہ بنانے کے بعد گداگروں کو کرونا سے بچاؤ کی ایک خوراک والی ویکسین لگائی جائے گی۔

دوسری جانب محکمہ صحت سندھ کی طرف سے اقلیتی برادری کی ویکسینیشن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ ضلعی افسران کو ویکسینیشن کے لیے حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ہندو، پارسی، مسیحی اور دیگر برادریوں کی عبادت گاہوں میں موبائل وین کے ذریعے ویکسینیشن کی جائے گی۔

حکومت کراچی میں ویکسینیشن کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے پہلے بھی متعدد اقدامات کرچکی ہے۔ اب انتظامیہ کی جانب سے اقلیتوں اور گداگروں پر توجہ دی جارہی ہے۔

حکومت نے 100 سے زائد ویکسینیشن سینٹرز قائم کیے ہیں۔ شہریوں کو ڈرائیو تھرو سینٹرز اور موبائل یونٹس کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ یہ تمام سینٹرز روزانہ کی بنیاد پر ویکسینیشن کے اعداد و شمار کو بہتر بنانے میں مدد کررہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر