ویکسین لگوائیں ورنہ بنیادی سہولیات سے محروم ہوجائیں
شہریوں کی طرف سے حکومتی فیصلے پر ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے۔
لاہور میں کرونا ویکسین نہ لگوانے والوں کو اب نہ پیٹرول ملے گا نہ پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔ بنا ویکسینیشن شہری ہوٹلز میں قیام بھی نہیں کرسکیں گے۔ حکومتی فیصلے پر نیوز 360 کی ٹیم نے عوام کی رائے جاننے کی کوشش کی۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کرونا ویکسین نہ لگوانے والوں کے لیے بنیادی سہولیات پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔ لاہور میں نمائندہ نیوز 360 نے اس بارے میں عوام سے ان کی رائے معلوم کی۔ نیوز360 کی ٹیم نے سروے میں شہر کے پیٹرول پمپس، ہوٹلز اور بس اڈوں کا دورہ کیا۔
لاہور میں ویکسینیشن نہ کروانے والوں کو پٹرول کی فراہمی، اندرون و بیرون شہر سفر کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یکم ستمبر کے فیصلے پر عملدرآمد کروانا ایک بڑا ٹاسک ثابت ہورہا ہے۔ 2 کروڑ کی آبادی والے شہر میں لوگوں کی بنیادی سہولیات پر پابندی لگانا مشکل کام نظر آتا ہے۔ لاہور کے بعض پیٹرول پمپس پر ویکسینیشن کارڈ یا سرٹیفکیٹ چیک کیے بغیر پیٹرول دستیاب ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان میں کرونا ویکسین لگانے کا ریکارڈ قائم
پیٹرول پمپ مالک میاں محمد امین نے نیوز 360 سے گفتگو میں کہا کہ وہ حکومتی فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔ عملے کی جانب سے بتایا کہ لوگ ویکسینیشن کارڈ یا سرٹیفکیٹ مانگنے پر ان سے لڑتے ہیں۔
دوسری طرف شہریوں کی طرف سے حکومتی فیصلے پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ کچھ شہریوں نے کرونا ویکسین کو لازمی قرار دیا تو کچھ نے کہا کہ انہیں جب ویکسین لگوانی ہوگی وہ لگوالیں گے، حکومت تو بلیک میلنگ پر اتر آئی ہے۔
بس اڈوں پر موجود افراد کے پاس بھی ویکسینیشن کارڈ نہ ہونے کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک شہری نے بتایا کہ وہ صبح سے اسٹاپ پر بیٹھے ہیں، کوئی ٹرانسپورٹ پر سفر نہیں کروا رہا کیونکہ انہوں نے ویکسینیشن نہیں کروائی ہے۔