کراچی کے سیوریج واٹر میں 14 ماہ میں پہلی بار پولیو وائرس کی تصدیق

وزارت صحت کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ "لانڈھی ضلع سے آخری وائلڈ پولیو وائرس کا کیس جون 2020 میں رپورٹ ہوا تھا۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اسلام آباد نے کہا ہے کہ ہفتے کے روز نیشنل پولیو لیبارٹری میں اگست 2022 کو کراچی کے علاقے لانڈھی سے حاصل کیے گئے سیوریج واٹر کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔

وفاقی وزارت صحت کے مطابق ماحولیاتی نمونے میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ-1 (WPV1) کی نشاندہی ہوئی ہے۔

معروف انگلش اخبار "دی نیوز” کی رپورٹ کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ "یہ رواں سال کا پہلا نمونہ ہے جس میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔”

یہ بھی پڑھیے

یواین سیکرٹری جنرل کاوزیراعظم اور وزیرخارجہ کے ہمراہ سیلاب متاثرہ علاقوں کادورہ

سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کے 87373 کیسز رپورٹ

دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق "رواں سال اگست میں ملک کے مختلف حصوں سے سیوریج واٹر کے 5 ، 5 نمومے پنجاب اور خیبر پختون خوا سے حاصل کیے گئے تھے جبکہ ایک نمونہ سندھ سے حاصل کیا گیا تھا۔

وزارت صحت کے حکام کے مطابق 2022 میں مثبت ماحولیاتی نمونوں کی کل تعداد 22 ہو گئی ہے۔

دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق "وفاقی وزارت کے حکام نے بتایا ہے کہ کراچی میں مثبت پایا جانے والا ماحولیاتی نمونہ 23 اگست کو کراچی کے علاقے لانڈھی کے بختاور ولیج سے حاصل کیا گیا تھا۔”

دی نیوز اخبار کے مطابق "2022 میں کراچی سے یہ پہلا مثبت ماحولیاتی نمونہ ہے۔ کراچی سے پچھلا مثبت نمونہ مئی 2021 میں رپورٹ ہوا تھا۔”

وزارت صحت کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ "لانڈھی ضلع سے آخری وائلڈ پولیو وائرس کا کیس جون 2020 میں رپورٹ ہوا تھا۔ ضلع میں حالیہ انسداد پولیو مہم 15 سے 21 اگست سے چلائی گئی تھی۔”

دی نیوز نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ "رواں سال خیبر پختونخوا (کے پی) سے تیرہ مثبت ماحولیاتی نمونے اکٹھے کیے گئے ہیں، جن میں سات بنوں، تین پشاور، دو سوات اور ایک نوشہرہ سے ہے۔

وزارت صحت کے مطابق پنجاب سے سات مثبت نمونے لیے گئے ہیں جن میں تین لاہور، دو راولپنڈی اور ایک ایک بہاولپور اور سیالکوٹ سے ہے۔ کراچی اور اسلام آباد سے ایک ایک مثبت نمونہ لیا گیا ہے۔

وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال 22 نمونے حاصل کیے گئے۔ جن میں سے ایک اپریل میں، دو مئی میں، ایک جون میں، سات جولائی میں اور اگست 2022 میں 11 نمونے حاصل کیے گئے تھے۔ عہدیدار نے مزید بتایا ہے کہ "2021 میں ملک بھر سے 65 مثبت ماحولیاتی نمونے رپورٹ ہوئے تھے۔”

متعلقہ تحاریر