سال کا پہلا چاند گرہن آج ہوگا؛ سائنسدانوں اور علماء کرام نے توہم پرستی کو غلط قرار دیا
پاکستان سمیت ایشیاء اور یورپ کے بیشتر حصوں میں رواں سال کا پہلا چاند گرہن آج ہوگا، چاند گرہن پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجکر 14 منٹ پر شروع ہوگا اور چاند گرہن 10 بجکر 22 منٹ پر عروج پر ہوگا جبکہ چاند گرہن کا اختتام 6 مئی کو 12 بجکر 32 منٹ پر ہوگا
پاکستان سمیت ایشیاء اور یورپ کے بیشتر حصوں میں رواں سال کا پہلا چاند گرہن آج ہوگا ۔ نایاب چاند گرہن کا نظارہ پاکستان سمیت جنوب اور مشرقی یورپ، ایشیا کے بیشتر حصوں میں بھی نظر آئے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چاند گرہن پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجکر 14 منٹ پر شروع ہوگا اور چاند گرہن 10 بجکر 22 منٹ پر عروج پر ہوگا جبکہ چاند گرہن کا اختتام 6 مئی کو 12 بجکر 32 منٹ پر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان میں سال 2023 میں کتنے چاند گرہن اور کتنے سورج گرہن ہوں گے؟
محکمہ موسمیات کے مطابق چاند گرہن پاکستان سمیت جنوب اور مشرقی یورپ، ایشیا کے بیشتر حصوں میں نظر آئے گا جبکہ آسٹریلیا، افریقا، اٹلانٹک، انڈین اوشن اور انٹارکٹیکا میں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف اسپیس سائنس ڈاکٹر جاوید اقبال کے مطابق یہ چاند گرہن پینمبرل ہے، پینمبرل چاند گرہن کے دوران چاند کی چمک ماند پڑ جاتی ہے اور چاند معمول سے 10 فیصد کم روشن ہوتا ہے۔
دوسری جانب چاند گرہن سے متعلق توہم پرستی آج کے جدید دور میں بھی برقرار ہے ۔ توہم پرستی پر یقین رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ چاند گرہن کے دوران حاملہ عورت کو باہر نہیں جانا چاہیے۔
سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے چاند گرہن اور سورج گرہن سے متعلق توہم پرستی کو مکمل طور پر غلط قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام میں اس کی کوئی اصل وجہ موجود نہیں ہے ۔
مفتی منیب کے مطابق چاند گرہن یا سورج گرہن سے حاملہ عورت پرکوئی طبعی اثرات مرتب نہیں ہوتے۔اس قسم کے توہمات پر یقین کرنے کے بجائے خود احتسابی اور آخرت کی فکر کرنی چاہیے