شہزادہ فلپ اپنی ڈیزائن کردہ گاڑی میں آخری سفر پر روانہ

لینڈ روور کو آخری رسومات کا حصہ بنائے جانے کا فیصلہ شہزادہ فلپ کی خواہش پر کیا گیا ہے۔

  ملکہ برطانیہ کے شوہر شہزادہ فلپ کی آخری رسومات 17 اپریل کو ادا کی جائیں گی۔ شہزادہ فلپ کو ان کی ڈیزائن کردہ گاڑی یا کوفن کیریئر میں سپرد خاک کرنے کے لیے لے جایا جائے گا۔

انسان زندگی میں اپنے شوق کے لیے کیا کچھ نہیں کرتا لیکن کسے معلوم ہوتا ہے کہ موت کے بعد اس کی پسندیدہ چیز اسی کی تدفین میں کام آئے گی۔

برطانوی شہزادہ فلپ نے 15 سال قبل جو لینڈ روور گاڑی ڈیزائن کی تھی اسی گاڑی میں ان کا جسد خاکی ونڈسر سے سینٹ جارج چیپل لے جایا جائے گا، جہاں وہ شاہی اعزازت کے ساتھ سپرد خاک ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیے

برطانیہ کے سابق شہزادے کو ملازمت مل گئی

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ لینڈ روور کو آخری رسومات کا حصہ بنائے جانے کا فیصلہ شہزادہ فلپ کی ہی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ شہزادہ فلپ چاہتے تھے کہ ان کی موت پر ان کی پسندیدہ سبز رنگ کی لینڈ روور بھی موجود ہو۔

شہزادہ فلپ کی تدفین میں صرف شاہی خاندان کے انتہائی قریبی افراد ہی شرکت کریں گے۔ سابق شہزادہ ہیری اپنے دادا کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے امریکا سے برطانیہ پہنچ گئے ہیں اور ونڈزر کے فریگمور کاٹیج میں قرنطینہ ہیں۔ 17 اپریل کو دوپہر 3 بجے ادا کی جانے والی رسومات کو ٹی وی پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 9 اپریل کو انتقال کرنے والے شہزادہ فلپ کی عمر 99 برس تھی۔

متعلقہ تحاریر