تامل ناڈو میں دلہا دلہن کے لیے 5 لیٹر پیٹرول کا تحفہ

انڈیا میڈیا کے مطابق نئے جوڑے کو تحفہ مزاحیہ اداکار مائل سامی کی جانب سے دیا گیا ہے۔

انڈیا کی ریاست تامل ناڈو کے شہر چنئی میں شادی کی ایک تقریب کے دوران دلہا دلہن کو ان کے دوست کی جانب سے 5 لیٹر پیٹرول کا تحفہ دیا گیا ہے۔

ایسے وقت میں جب ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام آدمی کی جیب پر اچھا خاصا اثر ڈالا وہیں ایک نئے شادی شدہ جوڑے کو ان کی شادی کے استقبالیہ میں ایک غیر روایتی تحفے سے نوازا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

آواز بے زبان سینٹر آوارہ جانوروں کا سہارا

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق تامل ناڈو میں ہونے والی ایک شادی کی تقریب میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب مہمانوں میں سے ایک صاحب پلاسٹک کے دو کین جو پیٹرول سے بھرے ہوئے تھے لے کر اسٹیج پر چڑھ گئے، اور منفرد تحفہ نئے جوڑے کو پیش کیا۔ شادی کی تقریب اور یادگار تحفے کی متعدد تصاویر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہی ہیں۔

ایڈین ایکسپریس کے مطابق تحفہ تامل فلموں کے مزاحیہ اداکار مائل سامی کی جانب سے دیا گیا ہے۔ تحفہ قبول کرتے ہوئے نئے نویلے جوڑے کے چہرے پر مسکراہٹ دیکھنے کے قابل تھی ، تاہم اس منظر کو دیکھ کر تقریب میں موجود تمام مہمان بھی مسکرائے بغیر نہ رہ سکے۔

واضح رہے کہ انڈیا میں تمام صوبائی حکومت کا یہ صوابدیدی اختیار ہے وہ گیس اور آئل کی قیمتیں خود مقرر کرتی ہیں، اس حوالے سے تامل ناڈو میں دیگر ریاستوں کے مقابلے میں پیٹرول کی قیمت سب سے زیادہ ہے۔

مذکورہ ریاست میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 85 روپے 15 پیسے ہے۔ اداکار مائل سامی کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر انہوں نے یہ منفرد تحفہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

متعلقہ تحاریر