نسلِ نو باگ دوڑ سنبھالے پاکستان زندہ باد تھا، ہے اور رہے گا، ڈاکٹر سروش لودھی
این ای ڈی میں یومِ پاکستان کی تقریبات کا احوال

کراچی ( )جامعہ این ای ڈی اور اس سے ملحقہ تھر انسٹی ٹیوٹ کے تحت تین مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔ جامعہ ترجمان فروا حسن کے مطابق جمعہ 11 اگست کو یونی ورسٹی ایڈوانسمنٹ اینڈ فنانشل اسٹنٹس کے زیرِاہتمام پاکستان کو درپیش چیلنجز کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی نےکی۔ جب کہ 14 اگست کو ایک جانب تھر کیمپس میں شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش لودھی، معین الجامعہ ڈاکٹر محمد طفیل سمیت رجسٹرار اور ڈینز کی قیادت میں پرچم لہراکر آزادی کا علم بَلند کیا گیا تو دوسری جانب جامعہ این ای ڈی کے مرکزی کیمپس میں پرچم کشائی گئی۔ اس موقعے پر چیئرمین منیجمنٹ سائسنز ڈاکٹر رضا علی خان نے خطاب کیا اور ٹیکنیکل اسسٹنٹ ٹو وائس چانسلر دانش الرحمان خان نے پروگرام کی باگ دوڑ سنبھالی۔اس موقعے پر طالب علموں نے نغمے گائے اور بچوں میں تحائف تقسیم کیے گئے۔ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے متعلقہ سیمینار کے مہمانوں میں لیفٹینٹ جزل نعیم خالد لودھی، ڈائریکٹر ہسٹوریکل اینڈ سوشل ریسرچ ڈاکٹر جعفر احمد اور سیکریٹری پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز ڈاکٹر تنویر خالد شامل تھیں۔ اس موقعے پر پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوۓ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ابتدا ہی سے مشکلات کاسامنا رہا ہے۔ ہر دور اپنے ساتھ مختلف چیلنجز لایا لیکن سبز ہلالی پرچم تلے ہم اکٹھے رہے اور مشکلات ہار گئیں۔ مقررین نے شہدا کی قربانیوں کا ذکر بھی کیا۔ اس موقعے پر شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے نوجوانوں کی فکری تربیت کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان کا مستقبل اب آپ کے ہاتھ میں ہے۔ وطن عزیز کو چھوڑ جانا مسائل کا حل نہیں، ہم نے وطن، نوجوانوں کو سونپا۔ ملک و ملت کے لیے جو بھی انفرادی حیثیت میں کیا جاسکتا ہے آپ وہ کریں اور ملکی ترقی کا زینہ بنیں۔ نوجوان ہمت کریں تو پاکستان زندہ باد تھا، ہے اور رہے گا۔









