کراچی میں پی ٹی آئی کی ریلی، بعض رہنماؤں کی عدم شرکت پر شیرافضل مروت برہم

سی ویو پر پی ٹی آئی کی انتخابی ریلی میں بعض رہنماؤں کی عدم شرکت پر شیر افضل مروت برہم ہوگئے۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء شیر افضل مروت نے کراچی میں بلاول ہاؤس تا نشان پاکستان پی ٹی آئی کارکنان کے ہمراہ ریلی کی قیادت کی۔ اس موقع پر خرم شیر زمان، آفتاب جہانگیر، فہیم خان، راجا اظہر، سعید آفریدی، ایڈووکیٹ علی پلھ، ایڈوکیٹ رحمان مہیسر سمیت دیگر قیادت سی ویو پر موجود تھی۔

شیر افضل مروت نے ریلی میں بعض رہنماوں کی عدم موجودگی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے دوران سندھ کی قیادت کے علاوہ اسلام آباد میں کسی کا چہرہ نظر نہیں آرہا تھا لیکن آج کے جلسہ میں سندھ کی قیادت ڈھونڈنے پر نہیں مل رہی، جتنے ٹکٹ ہولڈر آئے ان کو سلام جو نہیں آئے ان پر لعنت بھیجتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری صفوں میں بزدلوں کی کوئی جگہ نہیں، بانی پی ٹی آئی کو بتاؤں گا جو امیدوار بزدلی سے گھروں میں بیٹھے رہے، ہمت نہیں تھی نکلنے کی تو ٹکٹ کیوں مانگا۔ جو امیدوار آج کی ریلی میں نہیں آئے وعدہ کرتا ہوں خان کو بتائوں گا وہ بل سے نہیں نکلے، انشاء اللہ انصاف ہوگا اور غیرت مندوں کو ٹکٹ دیں گے، جس گھر میں چار چار ٹکٹ دیے گئے وہ غلط ہے واپس لیں گے، ٹکٹ کے لیے ابھی فہرست جاری ہوگی نشان سمیت تصویر بھی دیں گے۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ کراچی کے عوام باشعور پڑھے لکھے ہیں کراچی والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، کراچی کے عوام ساتھ نہ دیں تو فتح ممکن نہیں، یہاں انتخابی مہم کے لیے آیا ہوں، آج کی ریلی کیلئے سندھ کی قیادت نے ناقص انتظامات کیے، کوئی کسی کو لیکر نہیں آیا بلکہ عوام خود گھروں سے نکل کر آئے ہیں، آج جو لوگ نکلے وہ غیور ہیں۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ کل عدالتوں میں انصاف کے منہ پر کالک مل دی، عدالتوں نے بلا چھینا، ہمارے امیدوار گرفتار ہوئے،ہمیں ایسے نشان الاٹ کیے گئے جو ہمارے پہچان نہیں ہمارے کاغذات چھینے گئے۔ پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دیا گیا۔پاکستان میں پاکستانیوں کیخلاف ہی سازش ہوئی، پاکستانیوں سے ووٹ کا حق چھینا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کی پی ٹی آئی سے محبت کا اندازہ ہے۔ ۔پی ٹی آئی کیلئے ہر سطح پر زیادتیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ میں کراچی والوں کا پیغام عمران خان کو دوں گا۔ بانی پی ٹی آئی کو بتاؤں گا سندھ کے عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔ صبح سے رکاوٹیں لگائی گئیں پولیس کے ڈالے گھوم رہے تھے۔ جس طرح ورکرز نکلے انہیں سلام، ہم 8 فروری تک اپنی جمہوری جنگ لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ہتھکنڈے کا جواب 8 فروری کو دیں گے۔ کراچی کے لوگوں 15 سال سے پیپلز پارٹی سندھ میں اقتدار میں ہے۔ بحیثیت پاکستانی تسلیم کرتا ہوں کراچی پاکستان کی داتا کی نگری ہے، کراچی نے پورے پاکستان کو پالا ہے۔ 15 سال سے پیپلز پارٹی نے کراچی کو کچھ نہیں دیا۔ کراچی کیلئے عمران خان کا تصور تعصب قومیت لسانیت سے پاک ہے۔

شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ اڈیالہ میں عمران خان آپ کی جنگ لڑرہا ہے، خان کہتا ہے پاکستانیوں یہ آپ کو ڈرائیں گے لیکن آپ نے مایوس نہیں ہونا۔ ہمارا یقین ہے ہر انسان کی موت کا وقت مقرر ہے۔ زندگی موت دینے والا اللہ ہے۔ جب آپ کا لیڈر نہیں ڈرا تو آپ بھی مت ڈریں۔ عوام سے اپیل ہے کہ 15جنوری کو حیدرآباد میں ہونے والے جلسہ میں بھی بھرپور شرکت کریں۔

متعلقہ تحاریر