اتحادی جماعتوں کا وفد مولانا فضل الرحمان کو منانے میں ناکام
مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلزپارٹی سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کا وفد ایوان میں حمایت مانگنے کیلیے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچا تاہم انہیں کامیابی نہیں مل سکی۔
اتحادی جماعتوں کی مذاکراتی کمیٹی کا وفد یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچا۔ جن کا مولانا فضل الرحمان نے استقبال کیا۔
کمیٹی اراکین میں احسن اقبال، ایاز صادق، سعد رفیق، رانا تنویر، خورشیدشاہ، نوید قمر، صادق سنجرانی، خالد مگسی، سینیٹر عبدالقادر، آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان، ق لیگ کے سالک حسین وفد میں شامل تھے۔
مذاکراتی کمیٹی کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی تو جے یو آئی کے مولانا عبد الغفور حیدری، مولانا عطا الرحمان، مولانا اسعد محمود، مفتی مصباح الدین، اسلم غوری، حافظ حمداللہ، عثمان بادینی، نور عالم خان بھی اجلاس میں شریک تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
بعد ازاں حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے کے قائدین میڈیا سے گفتگو کی۔ لیگی رہنما سردار ایاز صادق نے بتایا کہ مسلم لیگ ن، پی پی پی، بلوچستان عوامی پارٹی، مسلم لیگ ق ہم سب مولانا فضل الرحمن سے ووٹ مانگنے آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں ہمارا مولانا فضل الرحمن سے عزت کا تعلق بھی ہے، مولانا سے درخواست کی ہے کہ وہ صدر وزیر اعظم سمیت دیگر آئینی عہدوں کے لئے ایوان میں ہمیں ووٹ دیں۔
ایاز صادق نے بتایا کہ گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان نے بھی اپنے تحفظات پیش کیے جس پر بات کی گئی تاہم انہوں نے ووٹ دینے کی رضامندی ظاہر نہیں کی۔
انہوں نے بتایا کہ اب مولانا فضل الرحمان سے ہمارے قائدین کی ملاقات ایوان میں ہوگی۔