ترکی اور یونان میں زلزلے سے 14 افراد جاں بحق 500 سے زیادہ زخمی

ساحل سے متصل علاقوں میں سمندر کا پانی داخل ہوگیا۔ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے

ترکی اور یونان میں خوفناک زلزلے کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 14 ہوگئی ہے، جبکہ 500 سے زیادہ زخمی ہیں۔

ترکی کے شہر ازمیر میں خوفناک زلزلے نے زمین کو لرزا دیا۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔

ترک خبر رساں ایجنسی انادولو کے مطابق 6.6 شدت کے زلزلے نے ساحلی شہر ازمیر میں تباہی مچادی تھی۔

مجموعی طور پر 17 عمارتوں کے منہدم ہونے کی اطلاعات ہیں۔ قدرتی آفت سے 12 افراد کے جاں بحق اور 522 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.0 ریکارڈ کی گئی جس سے سب سے زیادہ ترک شہر ازمیر متاثر ہوا۔ زلزلے کے جھٹکے یونان، بلغاریہ اور مصر تک محسوس کیے گئے۔

ترکی اور یونان میں زلزلہ
ترک خبر رساں ایجنسی اناطولو

ترک میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز ازمیر شہر سے سمندر کی طرف 17 کلو میٹر دور اور گہرائی 16 کلومیٹر تھی۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر بتائی تھی اور مرکز ترکی کے ساحل سے سمندر کی جانب 33.5 کلومیٹر دور تھا۔

ادھر یونان کے جزیرہ ساموس میں بھی 2 بچوں کی ہلاکت اور 8 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ساحلی علاقوں میں سمندر کا پانی داخل

خوفناک زلزلے کے بعد ترک شہر ازمیر اور بحیرہ ایجیئن کے ساحل سے متصل علاقوں میں سمندر کا پانی داخل ہوگیا ہے۔

نظام زندگی درہم برہم ہوچکا ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

یونان کے جزیرہ ساموس میں زلزلے کے باعث اونچی لہریں اٹھنے کا خدشہ ہے۔ اسی لیے رہائشیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ساحلی علاقوں سے دور رہیں۔

ترک صدر اور پاکستان کا اظہار افسوس

زلزلے کے بعد ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کیا۔

انہوں نے لکھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اُنھوں نے کہا ”ہم نے نوٹس لیا ہے اور فوری طور پر شہریوں کی امداد کے لیے اداروں اور متعلقہ وزارتوں کو ہدایات جاری کردی ہیں”

 پاکستان نے بھی ترکی کے شہر ازمیر میں شدید زلزلے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر