چینی کمپنی نے کتے کو ملازمت پر رکھ لیا
بیجنگ: دورِ جدید میں کئی شعبہ جات میں انسانوں کی جگہ روبوٹس لے چکے ہیں اور ہر گزرتے دن کمپنیوں میں روبوٹس کی ملازمت عام ہوتی جارہی ہے۔ لیکن چینی کمپنی نے ایک انوکھا ملازم رکھا ہے جو انسان ہے اور نہ ہی روبوٹ، بلکہ وہ ایک کتا ہے۔
کتے کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ اپنے مالک سے بےانتہا وفادار ہوتا ہے اور کئی لوگ وفاداری کی مثال دیتے ہوئے کتے کا ہی ذکر کرتے ہیں۔ چوکیداری ایک وفاداری کا کام ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اکثر لوگ کتے کو گھر کے چوکیدار کے طور پر بھی رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ اکثر لوگ کتے کو اس لیے بھی پالتے ہیں کیونکہ ان کے ساتھ کھیل کر انہیں خوشی ملتی ہے اور ذہنی دباؤ سے نجات ملتی ہے۔
عام طور پر لوگ کتے کو پالتے ہیں لیکن چین کی ایک ویڈیو پروڈکشن کمپنی نے کتے کو ملازمت پر رکھ لیا ہے۔ اس کتے کو چوکیداری کیلئے نہیں بلکہ ملازمین کے دل بہلانے اور ان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کیلئے رکھا گیا ہے۔ یہ کتا ملازمین کے ارد گرد گھومتا ہے جس کی وجہ سے ملازمین کا ذہنی دباؤ کم ہوجاتا ہے اور ان کے چہروں پر مسکراہٹ رہتی ہے۔ ملازمین کام کے ساتھ ساتھ کتے سے کھیلتے بھی رہتے ہیں جن سے کتا اور ملازمین دونوں خوش رہتے ہیں۔
کمپنی کے مینیجر گاؤ تونگ کا کہنا ہے کہ کتے کو دیکھنے سے ہماری پریشانی کم ہوجاتی ہے اور خوشی بھی ملتی ہے۔
دوسری جانب کمپنی کے ملازمین کا دل بہلاتے ہوئے اس کتے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہیں۔