رمیز راجہ کی کرکٹ کے بعد سیاست پر کمنٹری

رمیز راجہ نے سینیٹ انتخاب میں کرپشن سے متعلق کیسز کی برخاستگی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور بین الاقوامی شہرت یافتہ کمنٹیٹر رمیز راجہ نے کرکٹ کے بعد سیاست پر بھی کمنٹری شروع کردی ہے۔ اپنی حالیہ ویڈیو میں انہوں نے سینیٹ انتخاب میں کرپشن سے متعلق کیسز کی برخاستگی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

رمیز راجہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں سیاست پر کمنٹری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’سینیٹ انتخاب سے قبل یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی لیک ہونے والی ویڈیو پر عدالت نے فیصلہ دے دیا ہے۔ عدالت نے اس فراڈ سے متعلق اپنے فیصلے میں پیسے دینے والے اور لینے والے دونوں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اخلاقی معاملہ ہے جس پر کسی کو نااہل قرار نہیں دے سکتے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’عدل و انصاف کا ادارہ ہی اگر اخلاقیات پر فیصلے نہیں دے گا تو پھر کون دے گا؟ بدقسمتی سے ہمارا معاشرہ مہذب نہیں رہا ہے کیونکہ یہاں چوروں کی واہ واہ ہوتی ہے۔ یہاں اُن لوگوں کی واہ واہ نہیں ہوتی جو اچھے، عزت دار اور ملک کی خاطر سوچنے والے ہیں۔ ایسے افراد کے لیے معاشرے میں کوئی جگہ ہی نہیں ہے۔‘

رمیز راجہ نے مزید کہا کہ ’ہمارا معاشرہ چوروں کو تحفظ دیتا ہے۔ اگر عدل و انصاف کے ادارے فیصلے نہیں کریں گے تو ان معاملات کو حل کرنے کے لیے کیا آسمان سے فرشتے اتریں گے؟‘

یہ بھی پڑھیے

پاکستان میچ ہارا لیکن محمد حفیظ نے دل جیت لیے

رمیز راجہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی ہیں جنہوں نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد کرکٹ پر کمنٹری شروع کردی تھی اور آج اپنی اسی کمنٹری کی وجہ سے بھی وہ دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ لیکن اب ان کی حالیہ ویڈیو کو دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے انہوں نے سیاست پر بھی کمنٹری کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ایک سابق کرکٹر ہونے کی حیثیت سے انہیں یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ کرکٹ اور سیاست الگ الگ شعبے ہیں۔ کرکٹ پر تو بےجھجھک ہو کر کمنٹری کی جاسکتی ہے لیکن سیاست پر بولنے سے پہلے کئی مرتبہ سوچنا پڑتا ہے۔

چند روز قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بھی سیاست پر تبصرہ کیا تھا جس پر مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ نے انہیں جھاڑ پلادی تھی۔

ٹوئٹر پر جاری پیغام میں محمد حفیظ نے وزیراعظم عمران خان کے اعتماد کا ووٹ لینے کی تعریف کی تھی۔

جس پر ردعمل دیتے ہوئے حنا پرویز بٹ نے لکھا تھا کہ ’بہتر ہے منہ بند کر کے کرکٹ کھیلیں اور سیاست پر تبصرہ نہیں کریں۔‘

ہر پاکستانی چاہے اُس کا تعلق کھیل سے ہو یا پھر فنون لطیفہ سے یا پھر کسی اور شعبے سے حق رکھتا ہے کہ وہ سیاست میں حصہ لے سکتا ہے یا پھر اُس کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کر سکتا ہے لیکن  کرکٹ پر کمنٹری کرنے والا کوئی شخص اگر سیاست پر کمنٹری کرے گا تو اِس طرح وہ اپنی ساکھ کو متاثر کر سکتا ہے۔

متعلقہ تحاریر