چھ کھلاڑیوں کا پی سی بی کانٹریکٹ تسلیم کرنے سے انکار
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے 6 کھلاڑیوں نے پی سی بی کا کنٹریکٹ تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ، کامران اکمل، شعیب ملک اور وہاب ریاض سمیت 6 کرکٹرز نے پی سی بی کے مجوزہ کنٹریکٹ کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے صرف ایک ماہ کے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔ معاہدے کے تحت وہ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے اور صرف 20 اکتوبر تک پی سی بی کی پالیسیوں کے پابند ہوں گے۔
سینئر کرکٹرز بورڈ کے مجوزہ کنٹریکٹ پالیسی سے سخت ناراض ہیں، اس لیے انہوں نے بورڈ حکام کے سامنے کنٹریکٹ ڈرافٹ کو من وعن تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔
قومی کرکٹرز کا کہنا ہے کہ انہیں بورڈ کا کنٹریکٹ منظور نہیں۔ ہم تب تک دستخط نہیں کریں گے جب تک ہماری شرائط پر مبنی ڈرافٹ نہیں بنے گا۔ اگر بورڈ کو یہ منظور نہیں تو پھر ہم گھر جانے کو تیار ہیں۔
کرکٹرز کے مطالبات کے پیش نظر ڈرافٹ میں فوری طور پر ترمیم کی گئی اور میچز شروع ہونے سے کچھ دیر قبل ہی کرکٹرز نے اس پر دستخط کر کے بورڈ حکام کے حوالے کیا۔
دستخط شدہ کنٹریکٹ کے تحت قومی کھلاڑی فی الحال صرف ملتان اور راولپنڈی میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی میچز میں شرکت کریں گے اور اس دوران پی سی بی کی میڈیا پالیسی، اینٹی ڈوپنگ اور اینٹی کرپشن قوانین کے پابند ہوں گے۔ جبکہ میچ فیس کے ساتھ ڈیلی الاؤنس بھی لیں گے۔ تاہم 20 اکتوبر کے بعد انہیں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی آزادی ہوگی اور ٹورنامنٹ ختم ہونے کے بعد وہ پی سی بی کی میڈیا پالیسی سے آزاد ہوں گے۔
سینئر کرکٹر فاسٹ بولر محمد عامر وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی کے ساتھ ایک روزہ میچز کھیلنےکیلئے بھی اپنی دستیابی ظاہر کرتے ہوئے 2 ایونٹس کھیلنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ باقی سینئر کرکٹرز ون ڈے اور فور ڈے میچز کے کنٹریکٹ پر دستخط کا فیصلہ بورڈ کے رویے کو دیکھ کر کریں گے۔