آئی بی ایم نے 2-نینومیٹر چپ ٹیکنالوجی متعارف کروادی
اس ٹیکنالوجی سے لیپ ٹاپس اور اسمارٹ فونز کی استعداد 45 فیصد، جبکہ بجلی کی بچت میں 75 فیصد اضافہ ہوگا۔
امریکا کی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی انٹرنیشنل بزنس مشینز (آئی بی ایم) کارپوریشن نے دنیا کی پہلی 2-نینومیٹر چپ ٹیکنالوجی متعارف کروا دی ہے جو کمپیوٹنگ کے عمل کو تیز کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔
گذشتہ چند سالوں سے ٹرانزسٹرز چھوٹے ہوگئے ہیں تاہم اس سے کمپیوٹر چپس کی رفتار تیز ہوگئی ہے اور اس سے بجلی کی بچت میں بہتری آئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ٹوئٹر کے مقابلے پر ڈونلڈ ٹرمپ کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم متعارف
ٹیکنالوجی کی ایجادات کچھ عرصے جمود کا شکار تھیں تاہم آئی بی ایم نے نئی 2-نینومیٹر ٹیکنالوجی کو متعارف کروا کر اس جمود کو توڑ دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق ٹرانزسٹر کسی بھی چپ کا بنیادی حصہ ہوتا ہے۔ ٹرانزسٹرز جتنے تیز چلیں گے چپ بھی اسی رفتار سے کام کرے گی۔

کمپنی کے مطابق اس ٹیکنالوجی سے لیپ ٹاپس اور فونز کی استعداد 45 فیصد بڑھ جائے گی جبکہ بجلی کی بچت میں 75 فیصد اضافہ ہو جائے گا۔
آئی بی ایم نے یہ اعلیٰ معیار کی چپ بنانے کا معاہدہ سام سنگ کمپنی کے ساتھ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے امریکی ریاست نیویارک کے شہر البانے میں ایک چپ مینوفیکچرنگ ریسرچ سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ تحقیقاتی مرکز میں سام سنگ اور انٹیل مشترکہ طور پر آئی بی ایم کی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے چپس تیار کریں گے۔
5-نینومیٹر چپ ٹیکنالوجی کا اگر آئی بی ایم کی 2-نینومیٹر چپ ٹیکنالوجی سے موازنہ کریں تو یہ پتا معلوم ہوتا ہے کہ یہ چپ سائز میں چھوٹی بھی ہے اور کام بھی تیز کرتی ہے۔ آئی بی ایم کا 2-نینومیٹر ٹیکنالوجی کی کامیابی کے بعد 3-نینومیٹر ٹیکنالوجی پر کام کرنے کا ارادہ ہے۔









