کھیل کے میدان میں اے آر وائی نے جیو کو ہرا دیا

پی ایس ایل فائیو 5 کے فائنل میچ میں اے آر وائی کی ٹیم کراچی کنگز نے جیو کی ٹیم لاہور قلندرز کو ہرا دیا ہے۔ لیکن لاہور قلندرز کے مالک رانا فواد نے ہمیشہ کی طرح دل جیت لیے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کے فائنل میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی۔ کراچی کنگز نے پہلی مرتبہ پی ایس ایل چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے جبکہ لاہور قلندرز نے پہلی بار فائنل تک پہنچنے کا سنگِ میل عبور کیا ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل 5 کے فائنل میچ میں کراچی کنگز نے جو کہ اے آر وائی گروپ کی ٹیم ہے لاہور قلندرز کو شکست دے دی ہے جس کا آفیشل پارٹنر جنگ گروپ ہے۔

دونوں ٹیمیں پہلی بار فائنل میں پہنچی تھیں۔ لاہور قلندرز کی اس بار بھی خواہش پوری نہ ہوسکی اور کراچی کنگز نے ٹرافی اپنے نام کرلی ہے۔

کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کی جانب سے دیا گیا 135 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ بابر اعظم 63 اور کپتان عماد وسیم 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی طرف سے چڈوک والٹن 22، شرجیل خان 13 اور الیکس ہیلز 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ لاہور قلندرز کے حارث رؤف اور دلبر حسین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 134 رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل فائنل: کراچی کے لیے ٹریفک پلان جاری

لاہور قلندرز کی جانب سے تمیم اقبال نے 35 ، فخرزمان نے 27، سہیل اختر اور ڈیوڈ ویزے نے 14، 14 رنز بنائے۔ جبکہ کراچی کنگز کے عمید آصف، وقاص مقصود اور ارشد اقبال نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

پی ایس ایل کی فرنچائز ٹیموں کے مالکان کے انداز ایک دوسرے سے یکسر مختلف ہیں۔ کوئی عوام کے سنجیدگی سے میچ دیکھتا ہے تو کوئی عوام میں گھل مل جاتا ہے۔ کوئی شائقین کے ساتھ تصاویر بنواتا ہے تو کوئی کھلاڑیوں کا جوش گرماتا ہے۔ لیکن لاہور قلندرز کی فرنچائز کے مالک فواد رانا کا انداز سب سے مختلف ہے۔

رانا فواد کبھی اپنے تاثرات چھپانے کی کوشش نہیں کرتے۔ جو ان کے دل میں ہوتا ہے، وہی ان کی زبان پر بھی۔ ان کے چہرے کے تاثرات کھلی کتاب کی طرح ہیں جنہیں کوئی بھی پڑھ سکتا ہے۔

رانا فواد کی ہمیشہ سے یہی کوشش ہوتی ہے کہ ان کی ٹیم چیمپئن بنے۔ لیکن ٹرافی جیتنا تو دور لاہور قلندرز فائنل تک بھی نہیں پہنچ پاتی تھی۔ لیگ کے دوران سوشل میڈیا پر فواد رانا کی تصاویر اور ویڈیوز گردش کرتی رہتی ہیں۔ جن میں کبھی وہ روتے دکھائی دیتے ہیں تو کبھی خوشی سے جھومتے۔ کبھی ناچتے نظر آتے ہیں تو کبھی اچھل اچھل کر تالیاں بجاتے۔

اس مرتبہ بھی لاہور قلندرز ٹرافی اپنے نام کرنے میں ناکام رہی۔ لیکن فائنل تک پہنچنے کا اعزاز ضرور حاصل کرلیا۔ ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی رانا فواد سوشل میڈیا پر چھائے رہے۔ اور رانا فواد کا ہیش ٹیگ ٹوئٹر پرٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے۔

 ایک ٹوئٹر صارف نے فواد رانا کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘لاہور قلندرز فائنل میں ہار گیا۔ لیکن اس شخص نے دل جیت لیے۔ رانا صاحب ہمیں آپ سے پیار ہے’۔

ایک صارف نے لکھا کہ ‘ہمیشہ رانا صاحب کو مسکراتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں’۔

ایک صارف نے فیک میم بنا کر شیئر کیا۔ جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب گوگل پر ‘دنیا کا بدقسمت ترین آدمی’ لکھا گیا تو فواد رانا کا نام آگیا۔

ایک صارف نے رانا صاحب کی افسردہ تصویر شیئر کی۔ ساتھ ہی لکھا کہ ‘کیا میں ہر بار صرف دل ہی جیتوں گا؟۔ رانا جی کا دکھی دل اور سیرابی آنکھوں کے ساتھ سوال’۔

کھیل میں جیت ہو یا ہار، سوشل میڈیا سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام فواد رانا کو بہت پیار کرتے ہیں۔ کرکٹ شائقین کسی بھی ٹیم کو سپورٹ کرتے ہوں، لیکن رانا صاحب کو ہمیشہ مسکراتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر