کرونا نے وسیم اکرم کو بیٹی سے دور کردیا
شنیرا اکرم نے بتایا کہ ان کی بیٹی نے اسکول کا نصف سال مکمل کرلیا ہے اور قد بھی بڑھ گیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کو اپنی بیٹی سے ملے 10 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر گیا ہے۔ سوئنگ کے سلطان کی اہلیہ شنیرا اکرم نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جذباتی تحریر شیئر کردی۔
شنیرا اکرم نے انسٹاگرام پر وسیم اکرم اور بیٹی عائلہ اکرم کی ایک تصویر شیئر کی جس میں وسیم اکرم اپنی بیٹی کو کندھوں پر اٹھائے دکھائی دیئے۔ شنیرا اکرم نے شوہر اور بیٹی کی آخری ملاقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے لکھا کہ آخری مرتبہ جب ان کی بیٹی نے اپنے بابا کو گلے لگایا تھا تو وہ 5 سال کی تھی اور اب صرف 5 ماہ کے بعد 7 سال کی ہوجائے گی۔
View this post on Instagram
یہ بھی پڑھیے
وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ کی سوشل میڈیا پر دلچسپ گفتگو
سوئنگ کے سلطان کی اہلیہ نے بتایا کہ ان کی بیٹی نے اسکول کا نصف سال مکمل کرلیا ہے اور قد بھی بڑھ گیا ہے۔ شنیرا اکرم نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ عائلہ اکرم نے اس عرصے میں پڑھنا لکھنا سیکھا ہے جبکہ اس کے 5 دانت ٹوٹ گئے ہیں۔
بقول شنیرا اکرم ان کی بیٹی کو یہ بھی معلوم ہے کہ وہ 2 خوبصورت ممالک کا ملاپ ہے۔ وسیم اکرم کی اہلیہ نے بتایا کہ عائلہ اکرم کو نا صرف انگریزی، اردو اور چینی زبان میں آئی لو یو ڈیڈی بولنا آتا ہے بلکہ وہ ان الفاظ کی ہجے بھی کرسکتی ہے۔
واضح رہے کہ وسیم اکرم کی اہلیہ اور ان کی صاحبزادی آسٹریلیا میں مقیم ہیں اور کرونا کے باعث اڑان نہیں بھرسکتی ہیں۔