سائبر کے بعد سندھ میں گاما نائف سرجری بھی آ گئی
سندھ حکومت کے مطابق گاما نائف سرجری کی سہولت مریضوں کو مفت فراہم کی جائے جس کے ایک آپریشن پر 2 لاکھ 50 ہزار روپے خرچہ آتا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی نے ڈاؤ یونیورسٹی کراچی کے اوجھا کیمپس میں گاما نائف سرجری کا افتتاح کردیا ہے۔ ڈاؤ یونیورسٹی میں گاما نائف سرجری کی سہولت مریضوں کو مفت فراہم کی جائے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گاما نائف سرجری کے ایک کیس پر تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار روپے خرچ آتا ہے ، عام آدمی کے لیے اتنا مہنگا علاج کرانا ممکن نہیں ہے۔ ہم سال میں 500 مریضوں کو مفت علاج فراہم کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے
کورونا سے بچاؤ کے کیپسول مارکیٹ میں آنے کو تیار
گاما نائف سرجری کیا ہے؟
گاما نائف اسٹیروٹیکٹک ریڈیو سرجری ایک ایسی سرجری ہے جس سے دماغی رسولی کا علاج بغیر آپریشن کے ممکن ہوا ہے۔
گاما نائف سرجری اصل میں شعاعوں کے ذریعے علاج کو ممکن بناتی ہے۔
گاما نائف سرجری درد سے پاک علاج ہے، خون نکالے بغیر مریض کو ڈے کیئر ٹریٹمنٹ دی جاتی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق اس علاج کے بعد مریض ایک دن میں اپنی روزمرہ کی زندگی کی جانب آسانی سے واپس جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ
سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ دنیا بھر میں اس مشین کے تقریباً 400 یونٹس کام کررہے ہیں اور پاکستان میں پبلک سیکٹر کی سطح پر یہ پہلا یونٹ ہے جو ڈاؤ یونیورسٹی میں نصب کیا گیا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت کے مطابق سندھ حکومت عوام کی صحت کے حوالے سے انقلابی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے صحت کے شعبے کے لیے قابل قدر سہولتیں فراہم کی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے جے پی ایم سی میں سائبر نائف سرجری شروع کی جو اپنی نوعیت کا پاکستان میں پہلا پلانٹ تھا، اسی طرح گمبٹ میں لیور ٹرانسپلانٹ کی سہولت فراہم کی جہاں مریضوں کے لیور کی پیوند کاری بالکل مفت کی جاتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا جناح اسپتال کراچی سائبر نائف روبوٹک سرجری سے کینسر کی بروقت تشخیص اور علاج ممکن ہوا ہے۔ جو ہماری عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اور کچھ میڈیا چینلز ان کے حکومت کے خلاف پروپیگنڈا کررہے ہیں مگر انہیں اس کی ذرابھر بھی پروا نہیں ہے۔ ہم نے جو ہدف مقرر کررکھے ہیں ان کو حاصل کرتے جارہے ہیں۔
جناح اسپتال کراچی میں سائبر نائف روبوٹک سرجری کا افتتاح 2013 میں کیا گیا تھا جبکہ گمبٹ میں لیور ٹرانسپلانٹیشن کا افتتاح 2016 میں اس وقت کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے کیا تھا۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نچلے درجے پر عوام کو وہ طبی سہولتیں فراہم نہیں کرسکی جن کی ان کو ضرورت ہے، تاہم بڑے لیول پر صحت کے حوالے سے جو اقدامات سندھ حکومت کررہی ہے وہ قابل قدر اور قابل ستائش ہیں۔