وفاقی وزیر اسد عمر نے سی پیک کے خلاف منفی پراپیگنڈا رد کردیا

امریکی تھنک ٹینک ، بین الاقوامی تھنک ٹینک اور کچھ پاکستانی میڈیا ہاؤس سی پیک کے خلاف گمراہ کن خبریں پھیلا رہے ہیں۔

اسلام آباد: این سی او سی کی سربراہ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ سی پیک کے حوالے سے امریکی تھنک ٹینک ، عالمی میڈیا اور کچھ پاکستانی میڈیا ہاؤسز منفی پراپیگنڈا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ امریکی تھنک ٹینک اپنی رپورٹ میں لکھتا ہے کہ پاکستان نے سی پیک کے تناظر میں جو قرضے کیے ہیں وہ ملکی معیشت کے لیے تباہ کن ہیں۔

اسلام آباد میں نئے چیئرمین سی پیک خالد منصور کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ سی پیک کے خلاف منفی پراپیگنڈا کیا جارہا مگر حکومت سے کوئی تصدیق نہیں کرتا ہے کہ حقائق کیا ہیں۔ پاکستانی میڈیا امریکی تھنک ٹینک اور بین الاقوامی تھنک ٹینک کی جانب سے کیے جانے والے غلط پروپیگنڈے کو ختم کرنے کےلیے حکومت کی مدد کرے۔

یہ بھی پڑھیے

پینڈورا پیپرز میں شامل تمام پاکستانیوں سے تحقیقات ہوگی، سینیٹر فیصل جاوید

اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں۔ امریکی تھنک ٹینک نے اس سلسلے میں گمراہ کن رپورٹس جاری کی ہیں۔ یہ اس لیے کیا گیا کہ کیونکہ سی پیک پر دنیا کی نظریں ہیں۔ دنیا چاہتی ہےکہ یہ منصوبہ کامیاب نہ ہو، ففتھ وار جنریشن کے ذریعے مختلف ممالک کی جانب سے منصوبے کو ناکام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھاکہ امریکہ کے تھنک ٹھینک نے کہا کہ سی پیک کے خفیہ قرضے ہیں، بین الاقوامی تھنک ٹینک کی رپورٹ میں کہا کہ پاکستان کے قرضے سی پیک منصوبوں کی وجہ سے بڑھے۔ بین الاقوامی تھنک ٹینک کی رپورٹ میں کہا گیا کہ سی پیک کے منصوبوں میں شفافیت نہیں، سی پیک میں زیادہ منصوبے توانائی شعبے کے ہیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ لیکن یہ رپورٹس اور ان کے مندجات حقائق کے منافی ہیں۔ اسد عمر نے واضح کیا کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کا حصہ ہے پاکستان نے آئی ایم ایف کو سی پیک کی معلومات فراہم کی پھر بھی سی پیک کے خلاف گمراہ کن پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم آئی ایم ایف کو سی پیک کے قرضوں کی تفصیلات بھیج چکے ہیں، سی پیک میں سستے قرضے لیے گئے اور  سی پیک کے قرضوں کی اوسط شرح سود 4 اعشاریہ 25 فی صد ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ سی پیک کے لیے حکومت نے مہنگے نہیں سستے قرضے لیے ہیں، سی پیک  کے لیے مختلف منصوبوں پر اوسطا 3.3 فیصد سے 7.45 فیصد تک شرح سود پر قرض لیے گئے ہیں، اگر ان قرضوں کی اوسط شرح دیکھی جائے تو 4.2 فیصد شرح سود بنتی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تھنک ٹینک کے مطابق سی پیک کی وجہ پاکستان کے قرضے خطرناک حد تک بڑھے ہیں، چین کے قرضے پاکستان کے مجموعی قرض کا 10 فیصد ہیں اور بیرونی قرضوں کے حساب سے چین کا قرض 26 فیصد ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے واضح کیا کہ پاکستان کے سی پیک سے متعلق قرضے خطرناک حد تک نہیں ہیں، پاکستان نے سی پیک میں دنیا بھر کو وہی پیشکش کی جو چین کو بھی کی لیکن چین کے سرمایہ کار پہلے آئے اور اب پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ یہ بات افسوس ناک ہے کہ امریکی تھنک ٹینک کی  گمراہ کن رپورٹ پاکستانی میڈیا میں شائع کی گئی اور پاکستانی میڈیا نے جانبدارانہ رویہ اختیار کیا۔ دکھ اس بات کا ہے کہ پاکستانی میڈیا نے سی پیک سے متعلق رپورٹ کو شائع کرنے سے پہلے متعلقہ وزارت سے پوچھنا اور تصدیق کرانا بھی گوارا نہیں کیا۔

متعلقہ تحاریر