ہائی وولٹیج میچ سے قبل پاکستان کو حوصلہ شکن شکست

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے دوسرے وارم اپ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پریکٹس سے محروم پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دوسرے وارم میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے دوسرے اور آخری وارم میچ میں جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ میچ کا فیصلہ آخری اوور کی آخری گیند پر ہوا۔ جنوبی افریقہ  کے بلے بازوں پر پاکستانی باؤلرز کا جادو چل نہ سکا۔

ٹورنامنٹ سے قبل نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کا دورہ ملتوی ہونے سے پاکستانی کرکٹ کو عالمی سطح پر کرکٹ کی پریکٹس کا موقع نہیں ملا، جو جنوبی افریقہ کے خلاف شکست کا وجہ بنا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

چیمپئنز لیگ: اجیکس نے بروسیا ڈورٹمنڈ کو 4-0 سے شکست دے دی

بھارتی سیاستدان مودی کی بی ٹیم نکلے، پاک بھارت میچ کی مخالفت

گزشتہ روز دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز اسکور کیے اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف دیا۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ کے کپتان تمبا بھوما نے ٹاس جیت کے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستانی اننگز کے جواب میں جنوبی افریقہ کا آغاز اچھا نہیں رہا تھا اور ان کے ابتدائی دو کھلاڑی کوئنٹین ڈی کوک اور ہینڈرک کلاسن بالترتیب 6 اور 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

تاہم بعد میں آنے والے بلے بازوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین بلے بازی کی اور ٹیم کو جیت سے ہمکنار کردیا۔ جنوبی افریقن بلے باز وین ڈر ڈوسن نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 51 گیندوں پر سنچری اسکور کی۔ دوسرے نمایاں بلے باز تمبا بھوما رہے جنہوں نے 46 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کے جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور عماد وسیم نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل 18 اکتوبر کر پہلے وارم اپ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے مطلوبہ 130 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا تھا۔

کرکٹ پنڈتوں کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے دورے ملتوی ہونے سے پاکستانی کرکٹ کو بہت زیادہ نقصان ہوا تھا کیونکہ دونوں ٹیموں کے دورے ملتوی ہونے سے پاکستان کو انٹرنیشنل لیول کی کرکٹ کھیلنے کا موقع نہیں ملا جس کی پاکستان کو ضرورت تھی۔

انہوں نے کہا ہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سر پر تھا جب نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں نے دورے منسوخ کیے۔ ان کا کہنا ہے کہ اتوار کو پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا پہلا میچ انڈیا کے خلاف کھیلنا ہے جو ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم شمار کی جارہی ہے۔

کرکٹ پنڈتوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اپنے اوپر پریشر کو کم کرنے کے لیے میگا ایونٹ کا آغاز جیت سے کرنا ہوگا۔ باؤلنگ کے شعبے میں کمزوریوں پر قابو پانا ہوگا، کیونکہ پاکستانی شائقین قومی تیم کی جانب سے بھارت کے خلاف اچھی کرکٹ کی امید کررہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر