پاکستانی محمد رضوان بھارتی باؤلر محمد شامی کے حق میں بول پڑے

محمد رضوان نے کہا کہ ’شامی ایک اسٹار ہے اور واقعی دنیا کے بہترین باؤلر ہیں، اپنے اسٹارز کا احترام کریں

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان بھارت  کی پاکستان سے تاریخ ساز شکست کے بعد شدت پسند ہندو ؤں کی جانب سےبھارتی واحدمسلمان کھلاڑی محمد شامی کے خلاف شدید تنقید کے خلاف ان کے حق میں بول پڑے۔

محمد رضوان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے بھارتی باؤلر محمد شامی کا ایک آرٹسٹک پورٹریٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایک کھلاڑی کو اپنے ملک اور اس کے لوگوں کے لیے جس طرح کے دباؤ، جدوجہد اور قربانیوں سے گزرنا پڑتا ہے وہ ناقابلِ بیان ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی تباہ کن تیاریاں

پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی معرکوں کی تاریخ پر ایک نظر

محمد رضوان نے بھارتی باؤلر محمد شامی کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ ’شامی ایک اسٹار ہے اور واقعی دنیا کے بہترین باؤلرز میں سے ہے، محمد رضوان نے کہا کہ براہِ کرم اپنے اسٹارز کا احترام کریں۔ یہ کھیل ہمیں ساتھ جوڑتا ہے نہ کہ تقسیم کرتا ہے۔

اس سے قبل محمد شامی پر ہندو انتہا پسندوں کی جانب  سے غدار کہنے پر سابق بھارتی اسٹار بلے باز سچن ٹنڈولکر نے بھی محمدشامی کی حمایت کی تھی ،انھوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر محمد شامی کے حمایت کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’جب ہم انڈین ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں تو ہر اس شخص کو سپورٹ کرتے ہیں جو انڈین ٹیم کی نمائندگی کر رہا ہو۔’محمد شامی ایک ورلڈ کلاس بولر ہیں  ‘تاہم یہ ان کا برا دن تھا جیسا کے کسی بھی اسپورٹس مین کا ہوسکتا ہے ٹنڈولکر کا مزید کہنا تھا کہ وہ محمد شامی اور انڈین ٹیم کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘

واضح رہے کہ بھارت کی ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست پر بھارتی ٹیم کے واحد مسلمان کھلاڑی محمد شامی کو ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، انھیں غدار قرار دیتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم سے نکالنے کے مطالبات بھی کیے جارہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر