پاکستان زندہ باد! کیوی ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست
انیسویں اوور کی چوتھی گیند پر آصف علی نے چوکا مار کر پاکستان کو فتح یاب کروایا، چار وکٹیں لینے پر حارث رؤف مین آف دی میچ قرار۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان کی جانب سے آصف علی نے انیسویں اوور کی چوتھی بال پر چوکا مار کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
حارث رؤف کو چار وکٹیں لینے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا، انہوں نے چار اوورز میں 22 رنز دے کر یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گری جب کپتان بابر اعظم کیوی بالر ٹم ساؤتھی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ بابر نے 9 رنز بنائے تھے۔
نویں اوور میں فخر زمان 11 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور محمد رضوان نے کیا جو کہ 33 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے۔
شعیب ملک نے 2 چوکے اور 1 چھکا مار کر 26 رنز بنائے جبکہ وننگ شاٹ لگانے والے آصف علی نے 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 27 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ سے اِش سودھی نے 2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ، مچل سینٹنر اور ٹم ساؤتھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کی اننگز
نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور ڈیرل مچل نے کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے پراعتماد طریقے سے کھیلتےہوئے اسکور پر 37 پر پہنچایا۔ اس موقع پر باہر جاتی ہوئی گیند مارٹن گپٹل کی لیفٹ ٹانگ سے ٹکرا کر وکٹوں میں جا گھسی اور اس طرح ان کی اننگز کا خاتمہ ہوگیا۔
انہوں نے 20 گیندوں کا سامنا کیا اور 17 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ان کی وکٹ حارث رؤف نے حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈیرل مچل تھے ان کو پویلین کی راہ عماد وسیم نےدکھائی انہوں نے 20 گیندوں پر 27 رنز اسکور کیے تھے۔
نیوزی لینڈ کی تسری وکٹ 56 کے مجموعی اسکور پر گری جب نئے آنے والے بلےباز جیمز نیشم ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ان کی وکٹ محمد حفیظ نے حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کین ولیمسن تھے جنہوں نے 26 گیندوں پر 25 رنز اسکور کیے تھے۔ کین ولیمسن کو حسن علی نے رن آؤٹ کیا تھا۔
نیوزی لینڈ کے 5ویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈی کون وے تھے انہوں نے 24 گیندوں پر 27 رنز بنائے تھے۔ ان کی وکٹ حارث رؤف نے حاصل کی جبکہ ان کا کیچ بابر اعظم نے پکڑا تھا۔ نیوزی لینڈٖ کی چھٹی وکٹ بھی 116 رنز پر کے مجموعی اسکور پر گری۔
چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی گلین فلپس تھے انہوں نے 15 گیندوں کا سامنا کیا اور 13 رنز اسکور کیے۔ ان کی وکٹ بھی حارث رؤف نے حاصل جبکہ حسن علی ان کا کیچ پکڑا تھا۔
نیوزی لینڈ کی 7ویں وکٹ 125 رنز کے مجموعی اسکور پر گری۔ جب شاہین شاہ آفریدی نے میچ میں پہلی وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کی 8ویں وکٹ 134 کے مجموعی اسکور پر گری۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف سب سےکامیاب باؤلر رہے انہوں نے چار اوورز میں 22 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کی پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین شاہ آفریدی ، عماد وسیم اور محمد حفیظ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔