حکومت کی سگریٹ اور کولڈ ڈرنکس پر ہیلتھ ٹیکس لگانے کی تیاری
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے ای سی سی کو بھیجی گئی سمری کے مطابق سگریٹ پر 50 پیسے اور 250 ملی لیٹر کولڈ ڈرنک پر 1 روپیہ ہیلتھ ٹیکس لگایا جائے گا۔

وفاقی حکومت سگریٹ اور کاربورنیٹڈ مشروب یعنی کولڈ ڈرنکس کو مضر صحت قرار دینے کے در پہ ہے اور تیاری ہے کہ 20 سگریٹوں کی ڈبیا پر 10 روپے اور 250 ملی لیٹر کی کولڈ ڈرنک پر 1 روپیہ ہیلتھ ٹیکس لگایا جائے۔
وزیر اعظم عمران خان کے پاس وزیر طبی ریگولیشن کا چارج بھی ہے ۔ وفاقی حکومت سگریٹ اور کاربونیٹڈ مشروبات یعنی کولڈ ڈرنکس میں استعمال ہونے والی مٹھاس کو مضر صحت قرار دے کر ان کی حوصلہ شکنی چاہتی ہے۔ اس سلسلے میں ایک سگریٹ پر 50 پیسے اور 250 ملی لیٹر کولڈ ڈرنک پر ایک روپیہ ہیلتھ ٹیکس لگانے کی تیاریاں ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
عمر ایوب اقتصادی رابطہ کمیٹی کے چیئرمین مقرر، معیشت پر کوئی فرق پڑے گا؟
اقتصادی رابطہ کمیٹی کو اس سلسلے ایک سمری بھیجی گئی جو 28 اکتوبر کے اجلاس میں زیر غور نہ آسکتی ہے۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مشروبات اور تمباکو پر مضر صحت ٹیکس لگانے کی سمری پر غور موخر کردیا ہے، ای سی سی کے اجلاس میں 10 نکات میں سے کسی ایک ایجنڈے پر بھی غور نہ ہوسکا۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کا نیا چیئرمین بنایا گیا ہے۔ 12 رکنی ای سی سی میں مواصلات، توانائی کے وزراء ارکان شامل کیے گئے ہیں۔ وزیر صنعت و پیداوار، داخلہ، قانون و انصاف، میری ٹائم افیئرز بھی شامل ہوئے ہیں۔ ای سی سی میں غذائی تحفظ، منصوبہ بندی، نجکاری، ریلوے اور آبی وسائل کے وزراء بھی رکن بنائے گئے ہیں۔
عمر ایوب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ای سی سی اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈا زیرغور آنا تھا جس میں مشروبات پر نیا ٹیکس لگانے پر غور کیا جانا تھا ، تاہم عمر ایوب خان نے اجلاس میں صرف ای سی سی کے حوالے سے بریفنگ دی۔
10 نکاتی ایجنڈے میں مضر صحت میٹھے مشروبات اور تمباکو پر ٹیکس لگانے کی تجویز تھی تاہم اقتصادی رابطہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں وفاقی حکومت سگریٹ اور کولڈ ڈرنکس کو مضر صحت قرار دے کر 20 سگریٹوں کی ڈبی پر 10 روپے اور 250 ملی لیٹر کی کولڈ ڈرنک پر 1 روپیہ ہیلتھ ٹیکس لگانے کی سمری پر پھر غور کرے گی۔