29 سال بعدپاکستان کو آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی مل گئی
پاکستان نے آخری مرتبہ 1996 میں آئی سی سی کے بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی کی تھی
پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تو ہار گئی تاہم بہترین کھیل سے شائقین کرکٹ کو لطف اندوز کیا، رواں سال پاکستان کرکٹ کے لئے غیر معمولی ثابت ہورہا ہے جہاں ایک جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کی عمدہ ترین کارکردگی دیکھنے کو ملی وہیں اب ایک اور خوشخبری آگئی ہے، پاکستان 2025 کی چیمپئنزٹرافی کی میزبانی کرے گا۔
29 سال بعد پاکستان کو انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کے بڑے ایونٹ کی میزبانی مل گئی ہے، آئی سی سی نے آئندہ آٹھ ایونٹس کے میزبانوں کا اعلان کردیا جس کے مطابق پاکستان 2025 میں چیمپئنزٹرافی کی میزبانی کرے گا، پاکستان نے آخری مرتبہ 1996 میں آئی سی سی کے سب سےبڑے ایونٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی جس میں پچاس اوورز کے تمام میچزمشترکہ طورپر پاکستان ، بھارت اور سری لنکا نے میں کھیلے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
بابر اعظم آئی سی سی کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کے کپتان مقرر
آئی سی سی کی کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کروانے کی کوششیں
آئی سی سی کے کے مطابق 2024 سے 2031 کے دوران تین آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی بھارت کے حصے میں آئی ہے ۔ 2024کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی ویسٹ انڈیز اور امریکا کے حصے میں آئی ہے۔2026 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کے فرائض بھارت اور سری لنکا مشترکہ طورپر ادا کریں گے ۔ 2027 کے ایک روزہ بین الاقوامی میچ کے ورلڈ کپ کی میزبانی میں جنوبی افریقا، زمبابوےاور نمیبیا کریں گے۔ 2028کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہوگا جبکہ بھارت 2029 کی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بھی کرے گا۔ انگلینڈ، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ 2030 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے مشترکہ میزبان ہوں گے جبکہ 2031 ون ڈے ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی بھارت اور بنگلا دیش کریں گے۔