نوشین کاظمی کے والد نے بیٹی کی خودکشی کرنے کی تردید کردی
سید ہدایت اللہ شاہ کا کہنا ہے نوشین کی لاش کا رسی سے لٹکنا اور پیر ٹیبل پر ہونا معاملے کو مشکوک بناتا ہے۔
چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ کی فائنل ایئر کی طالبہ نوشین کاظمی کی مبینہ خودکشی کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کے والد سید ہدایت اللہ شاہ نے کہا ہے کہ میری بیٹی کسی دباٶ یا ڈپریشن میں نہیں تھی۔ بیٹی کی لاش کا رسی سے لٹکنا اور پیر ٹیبل پر دیکھ کر ہی شک شبہات پیدا ہو گئے تھے۔
دادو کی تحصیل خیرپورناتھن شاہ نیشنل پريس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید ہدایت اللہ شاہ کا کہنا تھا کہ میری بیٹی نوشین نے کئی مرتبہ ہاسٹل وارڈن کو کمرے کی تبدیلی کی درخواست دی تھی جو منظور نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیے
سینئر سول جج کی لڑکی سے مبینہ جنسی زیادتی، پولیس نے گرفتار کرلیا
چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ سے فائنل ایئر کی طالبہ کی لاش برآمد
انہوں نے کہا کہ واقعہ میں انتظامیہ کی نااہلی صاف ظاہر ہے۔ بیٹی چاہتی تھی کہ وہ اپنے علاقہ کی لڑکیوں کے ساتھ روم میں رہے۔ ایسے واقعات ہوتے رہے تو کون اپنی بچیوں کو ایسے اداروں میں پڑھنے بھیجے گا۔
نوشین کاظمی کے والد کا مزید کہنا تھا کہ میں ابھی ایس ایس پی لاڑکانہ سے ملاقات کرکے آیا ہوں۔ مجھے پولیس پر اعتماد ہے ایس ایس پی لاڑکانہ اچھی طرح واقع کو انویسٹیگیٹ کر رہے ہیں۔
سید ہدایت اللہ شاہ کا کہنا تھا کہ ابھی کیمیکل ایگزیمینیشن رپورٹس کو بھی دیکھیں گے۔ مجھے بتایا گیا کہ دروازہ توڑ کر کمرے میں داخل ہوئے۔