سپریم کورٹ نے کراچی کی تین متنازع ترین تعمیرات کا فیصلہ جاری کردیا

عدالت نے کمشنر کراچی کو تجوری ہائٹس اور نسلہ ٹاور کی مسماری سے متعلق اگلے سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے نسلہ ٹاور ، تجوری ہائیٹس اور الباری ٹاور کی 26 نومبر کی سماعتوں کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔

نسلہ ٹاور کیس پر سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہےکہ نسلہ ٹاور کو گرانے کے لیے کمشنر کراچی 2 سو مزدوروں کی جگہ 4 سو مزدور لگائیں۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ کمشنر کراچی نے بتایا، دو سو افراد نسلہ ٹاور گرانے پر لگائے گئے۔

یہ بھی پڑھیے

جیو نیوز نے سابق چیف جسٹس کی آڈیو لیک پر سوالات اٹھا دیے

نجم سیٹھی کا پی ڈی ایم کو اسلام آباد میں دنگے فساد کا مشورہ

تحریری فیصلہ کے مطابق کمشنر کراچی اقبال میمن نسلہ ٹاور کو گرانے کی کارروائی ایک ہفتے میں یقینی بنائیں، نسلہ ٹاور گرانے کے عمل کو محفوظ بھی بنایا جائے۔

تجوری ہائٹس کیس پر سپریم کورٹ نے 26 نومبر کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ فیصلے کے مطابق وکیل تجوری ہائٹس رضا ربانی نے تجوری ہائٹس کو گرانے اور ملبہ اٹھانے کے لیے بیس دن کی مہلت مانگی تھی۔

عدالت نے تیجوری ہائٹس بلڈر کو بیس دن میں ملبہ اٹھانے کی مہلت دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ کمشنر کراچی تجوری ہائٹس سے ملبہ اٹھانے کے عمل کو یقینی بنائیں، آیندہ حکم تک تیجوری ہائٹس اراضی کمشنر کراچی کی تحویل میں رہے گی۔

الباری ٹاور کیس میں سپریم کورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے آئندہ حکم تک بلڈر کو جائیداد منتقلی سے روک دیا گیا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئندہ سماعت پر سیکرٹری وزرات ہاؤسنگ اینڈ ورکس اراضی کا تمام ریکارڈ پیش کریں گے۔

عدالتی حکم کے مطابق الباری ٹاور کے وکیل رشید اے رضوی نے تیاری کی مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے ایک ماہ کے اندر الباری ٹاور اراضی کی ملکیت سے متعلق دستاویزات پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

متعلقہ تحاریر