چارسدہ میں قرآن کی مبینہ بے حرمتی کے خلاف مظاہرے، پولیس اسٹیشن نذرآتش
نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق مشتعل مظاہرین نے پولیس چوکی ڈھکی اور زیم سمیت متعدد چوکیوں کو آگ لگا دی تھی۔
خیبر پختونخواہ کے ضلع چارسدہ کے علاقے تنگی میں مبینہ طور پر قرآن کی بے حرمتی کے واقعے کے بعد پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے۔ ڈی پی او کا کہنا ہے ملزم کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا تھا، تحقیقات کے بعد ملزم کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
مشتعل مظاہرین نے مقامی پولیس اسٹیشن پر دھاوا بول کر تھانے کو آگ لگا دی۔ بات گردش کر رہی تھی کہ کسی شخص نے قرآن کی توہین کی ہے۔ جس پر پولیس نے ایف آئی آر درج کرتے ہوئے مذکورہ شخص کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی۔
یہ بھی پڑھیے
وفاقی دارالحکومت میں جرائم میں اضافہ، خاتون سینیٹر کا گھر لوٹ لیا گیا
چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ سے فائنل ایئر کی طالبہ کی لاش برآمد
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ لوگوں کو جب ملزم کی گرفتاری کی اطلاع ملی تو وہ تھانے پہنچنا شروع ہو گئے اور مطالبہ کیا کہ مذکورہ شخص کو ان کے حوالے کیا جائے۔
ایک عینی شاہد کے مطابق علاقے میں اتوار کی صبح ہی سے قرآن کی مبینہ توہین کی باتیں سننے میں آ رہی تھیں اور پھر شام کے وقت علاقے میں باتیں پھیلیں کہ جس شخص نے قرآن کی توہین کی ہے اس کو تھانے لے جایا گیا ہے۔
عینی شاہد کے مطابق لوگوں کی بہت بڑی تعداد تھانے کے باہر اکھٹی ہو گئی اور مطالبہ کیا کہ مذکورہ ملزم ان کے حوالے کیا جائے۔
’اس مطالبے کے ساتھ ساتھ نعرہ بازی ہوتی رہی اور پھر اچانک ہجوم مشتعل ہو گیا اور تھانے کی عمارت کو نذر آتش کردیا ، بعدازاں ان ہی لوگوں نے قریب میں موجود چوکی کو بھی نقصان پہنچایا۔‘
ایک اور عینی شاید کے مطابق تھانے میں موجود پولیس اہلکار کافی دیر تک مقابلہ کرنے کی کوشش کرتے رہے مگر سڑک بند ہونے کی وجہ سے مدد نہیں پہنچ رہی تھی جبکہ مشتعل افراد کی تعداد بڑھتی ہی جارہی تھی۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ایس ایچ او سمیت تمام پولیس اہلکار تھانے کو چھوڑ کر چلے گئے تھے کیونکہ مشتعل لوگ پولیس اہلکاروں پر بھی حملے کر رہے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتعل مظاہرین نے چارسدہ میں پولیس چوکی ڈھکی سمیت کئی دیگر پولیس چوکیوں کو بھی آگ لگا دی تھی۔
پولیس کے اعلیٰ حکام نے حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے ضلع بھر سے پولیس کی نفری کو طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زیم چوکی کو آگ لگا دی گئی ہے۔
ڈی پی او چارسدہ آصف بہادر کا کہنا ہے کہ بحثیت مسلمان عوام کا دین اسلام سے لگاؤ باعث فخر ھے۔ چارسدہ کے علماء اور سیاسی مشران کے تعاون کے مشکور ہیں۔ قرآن پاک کے واقعے کی اطلاع ہمیں صبح نو بجے مل گئی تھی اور ملزم کو موقع پر گرفتار بھی کرلیا گیا تھا۔ ملزم کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جایئگی،
ڈی پی او آصف بہادر کا کہنا تھا کہ عوام تھانے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی نشاندہی میں پولیس کیساتھ تعاون کریں۔ کیونکہ مشتعل مظاہرین نے تھانہ مندنی پر حملہ کیا اور تھانے کے اندر تمام گاڑیاں کو بھی نذرآتش کردیا گیا۔ مظاہرین نے تھانے کے دیواروں کو توڑ کر آگ لگا دی، تھانے میں سارا ریکارڈ اور سامان جل گیا ہے۔