آصف علی زرداری نے مسلم لیگ (ن) کو پاکستان مخالف قرار دے دیا
سابق صدر نے بلاول ہاؤس لاہور کے ضمنی انتخاب میں پارٹی کی اچھی کارکردگی پر منعقدہ تقریب میں خطاب کیا۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے لاہور میں مسلم لیگ (ن) کو للکار دیا، انہوں نے این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں پارٹی کی نمایاں کارکردگی پر بلاول ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔
آصف علی زرداری نے کارکنوں اور پارٹی عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو آدمی اپنی سرزمین پر مرنا پسند نہیں کرتا اس سے کیا بات کروں؟
یہ بھی پڑھیے
اسمبلیوں سے استعفے نہیں دینا، مسلم لیگ ن کا پی ڈی ایم کو مشورہ
این اے 133 کا ضمنی انتخاب، ن لیگ فاتح، ووٹر ٹرن آؤٹ 18 فیصد رہا
ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب نے اقتدار میں آ کر حلقے چھوٹے کر دئیے ورنہ جب یہ بڑا حلقہ تھا تو بے نظیر بھٹو یہاں جیتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ووٹرز ٹرن آؤٹ اچھا رہتا تو ہم 50 ہزار ووٹ لے لیتے، مسلم لیگ (ن) پاکستان کے خلاف ہے، میری دھرتی کے خلاف ہیں۔
اس دوران شیروں کا شکاری زرداری کے نعرے گونجتے رہے، آصف زرداری نے کہا کہ اب بھی میرے دماغ میں ایسی سوچ ہے جو ملک کو بہت کامیاب ملک بنا سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ ہمیں موقع دے، آپ کو ہمت دے، آپ لوگ ایک ساتھ بیٹھ جاؤ، میں پورے پاکستان کو سنبھال لوں گا۔