وزیراعظم کا کے پی کے میں مائیکر و ہیلتھ انشورنس پروگرام کا افتتاح
یاسمین راشد کا کہنا ہے صحت سہولت کارڈ کا اجراء صوبے میں گیم چینجر ثابت ہوگا جبکہ اے ڈی بی نے احساس پروگرام کے تحت 60 کروڑ ڈالرز کی منظوری دی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت مائیکر و ہیلتھ انشورنس پروگرام کا اجراء کردیا ہے، وزیر صحت یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پنجاب میں صحت سہولت کارڈ کا اجراء گیم چینجر ثابت ہوگا جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے احساس پروگرام کے لیے 60 کروڑ ڈالرز کی منظوری دے دی ہے۔
گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کا پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارا مقصد غریب عوام کو ریلیف دینا ہے، ہمارا نصب العین اور منشور پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات سے خیبر پختون خوا میں تیزی کےساتھ غربت کم ہوئی، خیبرپختونخوامیں امن وامان کی صورتحال کوبہتربنایا، ہیلتھ انشورنس کےذریعے ہرغریب شخص اپناعلاج کراسکتاہے۔
یہ بھی پڑھیے
خیبر پختون خوا حکومت کا بڑا قدم، مساجد کے خطیبوں کا ماہانہ وظیفہ 21 ہزار روپے مقرر
آئندہ ٹی ایل پی کی حمایت کے بغیر کوئی حکومت نہیں بنے گی، علامہ سعد رضوی
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ انشورنس کیلئےصوبے تعاون کررہے ہیں، 3ماہ کےدوران پورے پنجاب میں ہیلتھ کارڈ دیئےجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے امیر ترین ممالک میں بھی یونیورسل ہیلتھ کوریج نہیں ہے، حکومت نے راشن پروگرام کیلئے 120 ارب روپے مختص کیے ہیں، خیبرپختونخوا کے شعبہ صحت میں اصلاحات لائے، کام کیا، ایک گھرکی تعمیرکیلئےبلاسود27لاکھ روپےکاقرض دے رہے ہیں، ہم لوگوں کو تعلیم اور ہنر سکھائیں گے، ہمارے پاس جو بھی پیسہ اکھٹا ہوتا ہے وہ ماضی کے قرض کی ادائیگی پر جاتا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ "ہم نے ان شاء اللہ پورے پنجاب کے لیے صحت سہولت کارڈ کے اجراء اور نفاذ کے لیے ایک جامع مواصلاتی حکمت عملی تیار کی ہے۔ یہ کارڈ پاکستان میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔”
انہوں نے کہا ہے کہ "صحت کارڈ پروگرام ملک کی تاریخ میں صحت کا سب سے بڑا اقدام ہے اور یہ ملک کے صحت کے منظر نامے کو بنیادی طور پر بہتر کرنے جا رہا ہے۔ کارڈ وزیر اعظم کی جانب سے بہت بڑا تحفہ ہے۔”
ان کا مزید کہنا ہے کہ "پنجاب کے تمام خاندانوں کی ہیلتھ انشورنس کی فراہمی کے انتظامات آخری مراحل میں ہیں۔ وزیراعظم یکم جنوری 2022 سے لاہور اور راولپنڈی سے افتتاح کریں گے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ "صوبے میں اسپتالوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی فہرست بنائی جا رہی ہے۔ ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان کے تمام رہائشی خاندان پہلے ہی ہیلتھ انشورنس کارڈ سے استفادہ کر رہے ہیں۔ حکومت اس منصوبے پر 330 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔”
دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے وزیراعظم عمران خان کے احساس پروگرام کے لیے 60 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کی منظوری دی ہے جس میں سے 60 کروڑ ڈالرز قرض کی صورت میں ہوں گے جبکہ 30 لاکھ ڈالرز گرانٹ کی صورت میں ہوں گے۔