بیٹے کی شادی کی تقریبات: مریم نواز سیاسی سرگرمیوں سے دور
گذشتہ روز مایوں کی تقریب میں دونوں خاندانوں کی بھرپور شرکت رہی جبکہ مریم نواز نے نغمہ بھی گنگنایا

سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحب زادی اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سیاسی سرگرمیوں اور جوشیلے خطاب کی وجہ سے تو خبروں میں رہتی ہیں البتہ ان دنوں ان کےبیٹے کی شادی کی تقاریب جاری ہیں جس کے باعث وہ سیاسی سرگرمیوں سے کچھ دنوں کیلئے رخصت پر ہیں اور اس دوران ان کی گلوکاری کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوازاور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے صاحبزادے جنید صفدر اور عائشہ کی شادی کی تقریبات کا سلسلہ اسلام آباد میں جاری ہے، گذشتہ روز مایوں کی تقریب میں دونوں خاندانوں کی بھرپور شرکت رہی جبکہ مریم نواز نے نغمہ بھی گنگنایا۔
یہ بھی پڑھیے
مریم نواز کی بیٹے کی شادی پر سیاسی تبصرہ نگاری سے گریز کی اپیل
فواد چوہدری کو مریم نواز کا گانا پسند آگیا
جنید صفدر کی مایوں کا پروگرام ایک فارم ہاؤس پر منعقد کیا گیا جبکہ عائشہ سیف الرحمان کی مایوں کا پروگرام سیف الرحمان کے چک شہزاد میں فارم ہاؤس پر منعقد کیا گیا۔ جنید صفدر اور اہل خانہ مہندی لیکر عائشہ سیف الرحمان کے گھر پہنچے۔ پروگرام میں مہمانوں اور شریف خاندان کے ممبران نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب میں حمزہ شہباز بھی اپنی فیملی کے ساتھ شریک ہوئے۔ مایوں کی تقریب میں مریم نوازنے جنید صفدر کو مایوں بیٹھایا اور شادی کے گانوں سے بھی خوب لطف اٹھایا۔ سارے پروگرام میں مریم نواز، جنید صفدر، کیپٹن (ر) صفدر گنگناتے نظر آئے۔ مریم نواز ’یہ پیلا جوڑا، یہ ہری ہری چوڑیاں‘ گنگناتے ہوئے گھر میں داخل ہوئیں۔ تقریب میں گھوڑوں کا ڈھول کی تھاپ پر رقص اور گلوکاروں نے بھی رنگ جمایا۔ برات 14 دسمبر کو رات 8 بجے روانہ ہوگی۔ جنید صفدر اور عائشہ سیف الرحمان کی دعوت ولیمہ 17 دسمبر کو جاتی امراء میں ہوگی۔









