ن لیگ کے ترقیاتی پروجیکٹس، ماہر معاشیات اسد علی شاہ کا مفتاح اسماعیل کو کرارا جواب

قائم علی شاہ کے صاحبزادے کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ترقیاتی پروجیکٹس میں پبلک سیکٹر کا پیسہ لگا کر ملک کو آئی ایم ایف کی جانب دھکیل دیا۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے صاحبزادے اسد علی شاہ کا کہنا ہے مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں ترقیاتی پروجیکٹس میں پبلک سیکٹر کا پیسہ لگا کر ملک کو دیوالیہ کردیا۔

مسلم لیگ (ن) کے سابق وزیر خزانہ اور سینئر رہنما مفتاح اسماعیل پر تنقید کرتے ہوئے اسد علی شاہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "پی ایم ایل این پبلک سیکٹر کا پیسہ پروجیکٹس میں نہ لگائے کیونکہ آپ کے منصوبوں نے گذشتہ 5 سالوں میں ملک کا دیوالیہ نکال دیا تھا۔”

یہ بھی پڑھیے

عالمی معیشت سال 2022 میں 100 کھرب ڈالرز سے تجاوز کر جائے گی، رپورٹ

کرپٹو کرنسی پر پابندی احمقانہ فیصلہ ہوگا، شہزاد غیاث

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ "2016 میں آئی ایم ایف کے پروگرام کی کامیاب تکمیل کے بعد اگلے دو سالوں میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 36 ارب ڈالر ہوگیا جس نے ملک کو واپس آئی ایم ایف کی جانب دھکیل دیا۔”

اسد علی شاہ کا لکھنا ہے کہ "تاریخ میں پہلی بار پبلک سیکٹر کی سرمایہ کاری نجی سرمایہ کاری سے زیادہ ہوئی۔”

گذشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے صدر مسلم لیگ (ن) کے ایک ٹوئٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ” چونکہ پی پی پی سندھ میں کہیں بھی کوئی کام کرنے پر دلچسپی نہیں رکھتی اور پی ٹی آئی صرف پی ایم ایل این کے منصوبوں پر ’’تختی‘‘ لگاتی رہتی ہے۔ اس لیے پی ایم ایل این کو تمام ترقیاتی کام اکیلے ہی کرنے پڑتے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ "اگلی مرتبہ ان شاء اللہ ہم کراچی میں مزید 2 بس سروسز اور حیدرآباد میں ایک بس سروس متعارف کرائیں گے۔”

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے 26 دسمبر کو معروف اخبار ڈان کی خبر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ "کتنا خوبصورت نظارہ ہے – گرین لائن کراچی کے لوگوں کی خدمت کر رہی ہے۔ ان شاء اللہ بہت جلد ملک بھر میں سستی اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کروایا جائے گا۔”

متعلقہ تحاریر