پی ایس ایل 7، ویکسین کارڈ دکھائیں اور اسٹیڈیم میں میچ دیکھیں

این سی او سی نے پی سی بی کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے پی ایس ایل 7 میں 100 فیصد شائقین کو میچ دیکھنے کی اجازت دے دی، ویکسین کارڈ لازمی قرار۔

این سی او سی کی طرف سے کرکٹ شائقین کے لیے اچھی خبر آگئی، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پی ایس ایل 7 کے میچز میں شائقین کو کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت دے دی۔

شائقین کو کرکٹ اسٹیڈیم آنے کی اجازت تو ہوگی لیکن صرف ویکسین لگوانے والے افراد ہی اسٹیڈیم میں داخل ہوسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

بیٹی کو ویکسین نہیں لگواؤں گا، برازیلی صدر نے صاف انکار کردیا

کورونا ویکسین لگانے کیلیے میری لاش پر سے گزرنا ہوگا، سارہ پالن

این سی او سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک مراسلہ بھیجا ہے جس کے مطابق تمام عمر کے افراد پی ایس ایل 7 کے میچ اسٹیڈیم میں دیکھ سکیں گے لیکن 12 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی ویکسین شدہ افراد کو میچ ٹکٹ جاری کرنے کے لیے طریقہ کار طے کرے گا۔

کرکٹ  گراؤنڈ میں او او پیز پر عمل درآمد کی ذمہ داری کرکٹ بورڈ کی ہوگی جبکہ تماشائیوں کا آپس میں سماجی فاصلہ رکھنا اور ماسک پہننا ضروری ہوگا۔

واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پچھلے دنوں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ سیریز میں بہت کم شائقین میچ دیکھنے آئے تھے جس پر اعلیٰ سطح پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

اسٹیڈیم میں کم شائقین کی ایک وجہ ان کے پاس ویکسین کارڈ نہ ہونا بھی تھا جس کی وجہ سے انہیں اسٹیڈیم سے واپس بھیج دیا گیا تھا۔

متعلقہ تحاریر