عام آدمی خوشحال ہے، مری کی سیر کر رہا ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات کہتے ہیں کہ مری میں ایک لاکھ گاڑیاں داخل ہوگئیں، اس سے پتا چلتا ہے کہ عام آدمی خوشحال ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹ میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی رجسٹرڈ کمپنیز کے حصص اور ان پر دئیے گئے منافع کی مختصر سی تفصیل شیئر کی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ اس فہرست کے مطابق پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ دنیا میں 18 فیصد منافع کے ساتھ سے زیادہ نفع بخش اسٹاک مارکیٹ رہی۔

ان کمپنیز نے سنہ 2020 میں 272 ارب روپے اپنے شیئر ہولڈرز کو دئیے اور 2021 میں یہی منافع 498 ارب روپے تھا۔

یہ بھی پڑھیے

کیا سیاحت بھی حلال اور حرام ہوتی ہے؟

انڈس ٹورازم کلب کا بڑا اقدام ، سہون میں قدرتی چشموں کی صفائی شروع

اسی کے ساتھ فواد چوہدری نے ایک دوسری ٹویٹ میں بتایا ہے کہ سیاحتی شہر مری میں ایک لاکھ گاڑیاں داخل ہوچکی ہیں، ہوٹلوں کے کرایوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ سیاحت میں یہ اضافہ عام آدمی کی خوشحالی اور آمدنی میں اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

وفاقی وزیر کی جانب سے معیشت کی بحالی ظاہر کرنے کے لیے یہ ٹویٹس کی گئی ہیں، فی الحال توجہ طلب پہلو یہ ہے کہ مری میں اگر ایک لاکھ گاڑیاں داخل ہوچکی ہیں۔

کیا حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے ان لاکھوں سیاحوں کے قیام کا مناسب بندوبست کیا ہے؟ سیکیورٹی کی صورتحال کیا ہے؟

دیکھنے میں آیا ہے کہ سردیوں کے خوبصورت موسم میں لاکھوں شہری مری گھومنے چلے جاتے ہیں اور ٹریفک جام سمیت دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

خواتین کے ساتھ بدتمیزی بھی ہوتی ہے اور سیاحوں کو جیب کتروں اور نوسربازوں سے بھی خطرہ رہتا ہے۔

اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو نہایت سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور وفاقی حکومت کیونکہ ملک میں سیاحت کا فروغ چاہتی ہے تو اسے بھی چاہیے کہ مری میں سیاحوں کے ٹھہرنے کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں۔

متعلقہ تحاریر