انڈونیشیا نے دارالحکومت تبدیل کرنے کی تیاری کرلی

جکارتہ سے بوجھ کم کرنے کیلیے سرکاری دفاتر کی منتقلی کا فیصلہ، نیا دارالحکومت جاوا کے جزائر پر ہوگا، پارلیمنٹ نے بل منظور کرلیا۔

انڈونیشیا نے اپنا دارالحکومت تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سرکاری دفاتر مشرقی صوبے کلیمنتان میں منتقل کیے جارہے ہیں جو کہ جاوا کے جزائر پر واقع ہے۔

نئے دارالحکومت کا نام نوسانترا ہوگا، صدر جوکو وڈوڈو نے دارالحکومت تبدیل کرنے کا اعلان 2019 میں کیا تھا، یہ اقدام جکارتہ کو درپیش بڑے ماحولیاتی مسائل حل کرنے اور اثاثوں کی تقسیم کیلیے کیا گیا۔

کورونا وائرس کی وجہ سے اس اقدام کو ملتوی کیا گیا لیکن 2024 تک یہ کام مکمل ہوجائے گا۔ حکومت نے امید ظاہر کی ہے کہ اس طرح وہ ایک کروڑ آبادی والے شہر جکارتہ پر سے بوجھ کم کردیں گے۔

جکارتہ میں مستقل سیلاب آتے ہیں اور یہ دنیا کے تیزی سے ڈوبنے والے شہروں میں شامل ہے کیوں کہ زیر زمین پانی کی مقدار بھی بہت زیادہ ہے، شہر میں آبادی بھی گنجائش سے زیادہ ہے۔

دارالحکومت کیلیے نئے نام کا انتخاب صدر وڈوڈو کے تجویز کردہ 80 ناموں میں سے کیا گیا ہے جو کہ انڈونیشیا کے جغرافیے کا عکاس ہے اور بین الاقوامی طور پر بھی شہرت رکھتا ہے۔

نوسانترا کا مطلب ہے ‘بہت سے جزیروں والا’۔ انڈونیشن پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد اس سال شہر کی تعمیر شروع ہوسکتی ہے۔

دارالحکومت منتقل کرکے حکومت اثاثوں کو بھی دوبارہ تقسیم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، ملک کی 60 فیصد آبادی جاوا میں رہتی ہے اور یہ شہر آدھی سے زیادہ معاشی سرگرمی کا مرکز ہے۔

اس منصوبے کے تحت جکارتہ ملک کا اقتصادی و تجارتی مرکز رہے گا لیکن حکومتی انتظامی معاملات مشرقی کلیمنتان منتقل ہوجائیں گے جو کہ جکارتہ کے شمال مشرق میں 2 ہزار کلومیٹر دور ہے۔

ماہرینِ ماحولیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مشرقی کلیمنتان میں تعمیرات سے آلودگی میں اضافہ ہوگا اور جنگلات کو نقصان پہنچے گا جہاں لمبی ناک والے بندر، بن مانس اور ریچھ رہتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر