ایک ارب ڈالر مالیت والے مشرق وسطیٰ کے 5 اسٹارٹ اپس
فوربز میگزین نے فہرست جاری کی ہے جس میں 5 کمپنیز شامل ہیں، ان کاروباری گروپس کی مالیت مختصر مدت میں ایک ارب ڈالر سے زائد ہوچکی ہے۔

فوربز میگزین نے مشرق وسطیٰ کے 5 کاروباری اسٹارٹ اپس کی فہرست تیار کی ہے جن کی مالیت ایک ارب ڈالر ہوچکی ہے۔ یہ اعداد و شمار دسمبر 2021 تک کمپنی کی آمدنی کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دیئے گئے ہیں۔
ان پانچ کمپنیز میں سے دو پچھلے سال ہی قائم ہوئی تھیں جن میں سویول، کٹوپی، ای ایم پی جی، فوری اور کریم شامل ہیں۔
سویویل (Swvl):
جولائی 2021 میں بسوں کی بکنگ کیلیے اماراتی ایپ سویول نے امریکی کمپنی کے ساتھ انضمام کیا جس کے بعد اس کے منافع میں اتنا اضافہ ہوا کہ کمپنی کی مالیت 1.5 ارب ڈالر ہوگئی۔
اس کمپنی کو مصر میں مصطفیٰ قندیل، محمود نوح اور احمد صباح نے قائم کیا۔ 2019 میں سویویل نے اپنا ہیڈ آفس دبئی میں منتقل کرلیا۔
کٹوپی (Kitopi):
جولائی 2021 میں ہی دبئی میں موجود فوڈ ڈیلیوری سروس کے اثاثے 804 ملین ڈالر تک پہنچ گئے جو کہ اب ایک ارب ڈالر سے زائد ہوچکے ہیں۔
کٹوپی جنوری 2018 میں محمد بلوط، ثمن درکان، بدر عطایا اور آندرے اریناس نے قائم کی تھی، اس کے متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، کویت اور بحرین میں 80 دفاتر ہیں۔
ای ایم پی جی (Emerging Markets Property Group):
سنہ 2020 میں ای ایم پی جی نے نیدرلینڈ کے اولیکس گروپ کے ساتھ انضمام کرلیا تھا۔ ای ایم پی جی کلاسیفائڈ پورٹلز چلاتی ہے۔ اولیکس سے انضمام کے بعد کمپنی کی مالیت ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی۔
یہ کمپنی 16 ممالک میں 6750 ملازمین کے ساتھ کام کر رہی ہے اور 10 برانڈز نے گروپ کے ساتھ الحق کیا ہے۔
فوری (Fawry):
فوری ان چند کمپنیز میں سے ہے جنہوں نے مصر کی فنانس ٹیکنالوجی مارکیٹ میں کام کیا اور دسمبر 2021 تک اس کی مالیت 1.4 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی تھی۔
یہ کمپنی اشرف صابری نے قائم کی تھی، فوری ایک ای پیمنٹ کمپنی ہے جس کے ذریعے صارفین بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ گاڑی کے لائسنس کی تجدید بھی کروا سکتے ہیں اور ٹریفک چالان بھی جمع کرسکتے ہیں۔
فوری کے صارفین کی تعداد کا تخمینہ ساڑھے تین کروڑ تک لگایا گیا ہے جو کہ روزانہ تقریباً 30 لاکھ ٹرانزیکشنز کرتے ہیں۔
کریم (Careem):
کریم جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے 14 ممالک اور 100 سے زائد شہروں میں سروسز فراہم کر رہی ہے، 2016 میں ہی کریم کی مالیت ایک ارب ڈالر ہوچکی تھی۔
میگنس اولسن، عبداللہ الیاس اور مدثر شیخا نے اس کی بنیاد رکھی، امریکی کمپنی اوبر نے 2020 میں 3.1 ارب ڈالر کے عوض کریم کو خرید لیا تھا لیکن علاقائی طور پر دونوں کمپنیز اپنی علیحدہ شناخت کے ساتھ فعال ہیں۔