یوسف رضا گیلانی کا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے مستعفی ہونے کا اعلان
اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کی منظوری کے موقع پر گیلانی کی سینیٹ میں غیرحاضری پر پارٹی رہنما شدید ناراض تھے،قمرزمان کائرہ اور چوہدری منظور سمیت کسی رہنما نے بلاول بھٹو کے سرگودھا جلسے میں شرکت نہیں کی،ذرائع
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل پر سینیٹ میں حکومت کو فائدہ پہنچانے کے الزام پرسینیٹ میں قائد حزب اختلاف عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔
نیوز360 کے ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کی منظوری کے موقع پر گیلانی کی سینیٹ میں غیرحاضری پر پارٹی رہنما شدید ناراض تھے،قمرزمان کائرہ اور چوہدری منظور سمیت کسی رہنما نے بلاول بھٹو کے سرگودھا جلسے میں شرکت نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیے
سینیٹ سے اسٹیٹ بینک بل کی منظوری، یوسف رضا گیلانی نے حکومتی قرض چکا دیا
یوسف رضا گیلانی ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف منتخب
سینیٹ میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کے حوالے سے میری ذات سے متعلق باتیں کی جارہی ہیں،اسٹیٹ بینک کا ترمیمی بل کا ایجنڈا مجھے لیٹ موصول ہوا۔
یوسف رضاگیلانی نے چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی سے شکوہ کیا کہ آپ نے یہ بل کمیٹی کو بھی نہیں بھیجا،چیئرمین ہاؤس کی نمائندگی کرتا ہے ناں کہ حکومت کی،چئیرمین اور اسپیکر کو ایوان میں متنازع نہیں ہونا چاہیے۔اسٹیٹ بینک بل پر ووٹنگ کے دوران آپ نے 30 منٹ کا اجلاس ملتوی کیا، ،وقفے سے قبل اپوزیشن کو اکثریت حاصل تھی،آپ نے ووٹ دیکر حکومت کے لیے سہولت کاری کی،آپ کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ بحیثیت اپوزیشن لیڈر اپنااستعفیٰ پارٹی کو دے دیا ہے، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہنا چاہتا۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ یہاں پربیٹھے ہوئے وزرا کچھ کہیں گے تو وہ میرے لیے اعزازکی بات ہوگی، وہ وزرا جو ایک پارٹی چھوڑکر دوسری میں چلے جاتے ہیں وہ کہتے ہیں میں نے حکومت کی مدد کی جب کہ کریڈٹ تو چیئرمین سینیٹ آپ کو ملنا چاہیے مجھے نہیں، دھاندلی ہورہی ہے اور دھاندلی نہیں ہونی چاہیے۔
واضح رہےکہ سینیٹ میں اسٹیٹ بینک ترمیمی بل پر اپوزیشن کو ایک ووٹ سے شکست ہوئی تھی اور اس دوران ایوان میں یوسف رضا گیلانی کی عدم حاضری پر اپوزیشن کی بعض جماعتوں نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب کہ فواد چوہدری سمیت حکومتی وزرا نے گیلانی کا شکریہ ادا کیا تھا۔
دوسری جانب یوسف رضا گیلانی کے استعفے کی اصل وجہ نیوز 360 نے معلوم کرلی۔نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق اتوار کو موضع سیال میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے جلسہ عام میں قمر زمان کائرہ،چوہدری منظورسمیت پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے کسی رہنما نے شرکت نہیں کی تھی۔
ذرائع کےمطابق پیپلزپارٹی کے رہنماؤں میں یوسف رضاگیلانی کی سینیٹ کے اہم ترین اجلاس سے غیرحاضری کے باعث شدید غم و غصہ پایا جاتا تھا اور اسی غصے کے اظہار کیلیے پی پی رہنماؤں نے جلسے میں شرکت نہیں کی۔ذرائع کے مطابق یوسف رضاگیلانی کو پارٹی کے اندر سے شدید دباؤ کا سامنا تھا جس کے باعث انہوں نے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو ارسال کردیا ہے۔