کراچی کنگز کاغذی شیر ثابت ہوئی، 9 رنز سے چوتھے میچ میں بھی شکست

پشاور زلمی نے 174 رنز کا ہدف دیا، جواب میں کنگز ٹیم 164 رنز بنا سکی، بابر اعظم کے 90 رنز کسی کام نہ آئے۔

پی ایس ایل 7 میں آج پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 9 رنز سے ہرا دیا، 174 رنز ہدف کے تعاقب میں کنگز کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنا سکی۔

کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں آج پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان 11 واں میچ کھیلا گیا۔ کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی، زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔

پشاور زلمی سے حضرت اللہ نے 27 گیندوں پر 41 اور شعیب ملک نے 28 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کے عمید آصف 3 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے جبکہ عامر یامین نے صرف ایک وکٹ حاصل کی۔

کپتان بابر اعظم نے 63 گیندوں پر 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 90 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن اس کے باوجود وہ اپنی ٹیم کو فتح نہیں دلوا سکے۔ کراچی کنگز کی آدھی اننگز بابر اعظم نے بیٹنگ کی۔

پشاور زلمی سے محمد عمر نے 3 جبکہ شعیب ملک، حسین طلعت اور عثمان قادر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ پشاور زلمی کے شعیب ملک کے نام رہا جنہوں نے صرف 28 گیندوں پر 52 رنز کی دھواں دار بیٹنگ کی۔

متعلقہ تحاریر