وزیراعظم نے اپوزیشن کا مسودہ مسترد کردیا، پی ٹی آئی سینیٹر کا دعویٰ
سینیٹر فیصل جاوید خان نے ٹویٹ میں کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم کو چند مطالبات پر مبنی مسودہ پر قائل کرنے کی کوشش کی۔
سینیٹ میں اطلاعات و شریات کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف اس لیے اکٹھی ہو رہی ہے تا کہ وہ وزیراعظم کو ایک مسودے پر منا لے۔
اپوزیشن والے دوبارہ اس لئے اکٹھے ہو رہے ہیں تاکہ وہ ایک مسودے پر وزیراعظم عمران خان کو منا لیں- یہ مسودہ انکی ملاقاتوں میں مبینہ طور پر زیر بحث ہے-اس پر آمادگی کے لیے اپوزیشن نے کچھ حکومتی سینئر رہنماؤں سے رابطہ کیا-وزیراعظم نے صاف انکار کر دیا-
— Faisal Javed Khan (@FaisalJavedKhan) February 10, 2022
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی ملاقاتوں میں اس مسودہ پر بحث جاری ہے، اپوزیشن رہنماؤں نے کچھ حکومتی رہنماؤں سے رابطہ کیا ہے۔
ٹویٹ کے آخر میں سینیٹر فیصل جاوید خان نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان نے مبینہ مسودے پر رضامندی کے لیے واضح طور پر انکار کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ پچھلے چند ہفتوں سے اہم حکومتی شخصیات کے استعفوں کے ساتھ ساتھ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان ملاقاتیں زور و شور سے جاری ہیں۔
نا صرف اپوزیشن جماعتیں میل جول بڑھا رہی ہیں بلکہ حکومت کی حلیف جماعتوں سے بھی رابطے کیے جا رہے ہیں۔
اس تناظر میں سینیٹر فیصل جاوید کا بیان دیکھا جائے تو اس بات کا امکان نظر آتا ہے کہ ممکنہ طور پر اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم سے کوئی مطالبہ کیا ہوگا۔
جس مسودے کی طرف سینیٹر فیصل جاوید نے اشارہ کیا ہے اس کی نوعیت جاننا ضروری ہے۔
کیا یہ اس بات کا مسودہ ہے کہ تمام اپوزیشن رہنماؤں کے مقدمات ختم کر دیئے جائیں؟ یا ملک میں نئے انتخابات کروانے کے لیے کوئی مسودہ تیار کیا گیا ہے؟
یہ بھی قرین از قیاس نہیں کہ اپوزیشن نے مبینہ مسودے میں وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہو کہ آپ مستعفی ہوجائیں اور پی ٹی آئی سے کسی اور شخصیت کو وزیراعظم بنا دیں۔