وزرا کی کارکردگی رپورٹ نے شہزاد ارباب کی اہلیت پر سوال اٹھا دیئے
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ کو خط لکھ کر درجہ بندیوں کے متعلق پوچھ لیا، طریقہ کار پر تشویش ہے، وزیر خارجہ۔
وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کے طریقہ کار پر شاہ محمود قریشی نے سوال اٹھا دیئے، وزیر خارجہ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد ارباب کو خط لکھ دیا۔
شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ کو 11 واں درجہ دینے پر تشویش کا اظہار کیا ہے، خط میں انہوں نے لکھا کہ پرفارمنس ایگریمنٹ کی پہلی سہہ ماہی میں وزارت خارجہ نے 26 میں سے 22 اہداف حاصل کیے۔
خط کے متن کے مطابق دوسری سہہ ماہی میں 24 میں سے 18 اہداف حاصل کیے گئے، وزارت خارجہ نے اس بات کا خیال رکھا کہ کارکردگی جائزے کے دوران کوئی معاملہ زیر التوا نہ ہو۔
شاہ محمود قریشی نے لکھا کہ اس دوران وزارت خارجہ نے اعلیٰ سطح کی سرگرمیاں بھی کیں اور وزارت کے امور پر کبھی کسی نے تشویش کا اظہار نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ 30 فیصد کارکردگی جائزہ سے متعلق کوئی تحریری گائیڈلائن نہیں دی گئی، وزارت خارجہ کی اس درجہ بندی سے جائزہ کمیٹی کے طریقہ کار پر سوال اٹھتے ہیں۔
گزشتہ روز کامران خان نے اپنے پروگرام میں وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ شہزاد ارباب سے سوال کیا کہ وزیر مواصلات مراد سعید کو کس کارکردگی پر اول نمبر سے نوازا گیا؟
جواب میں شہزاد ارباب نے کہا کہ اس وقت ہم نے ان کی وزارت کا پورا آڈٹ کیا لیکن 41 وزارتیں ہیں اور ہر وزارت کی تفصیلات مجھے یاد نہیں۔
مجھ سے لوگ اس مسکراہٹ پر اپنی مسکراہٹیں شئیر کررہے ہیں جس کو میں قہقہہ بننے سے روک رہا تھا جب کل عمران خان کابینہ کے TOP 10 پرفارمرز کی فہرست مرتب کرنے والے شہزاد ارباب صاحب سے گفتگو کے دوران میں نے جاننا چاہا کہ مراد سعید کیوں اس لسٹ کو ٹاپ کر گئے ان کے جواب کا جواب نہیں! 😂 pic.twitter.com/dRrdtIComt
— Kamran Khan (@AajKamranKhan) February 11, 2022
کامران خان نے کہا کہ مراد سعید پہلے نمبر پر آئے ہیں، ٹاپر کا تو معلوم ہوتا ہے کہ اسے کیوں اول نمبر دیا گیا؟
اس کے باوجود شہزاد ارباب کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔