کراچی کنگز نے مسلسل سات میچ ہار کر پی ایس ایل میں تاریخ رقم کردی

14 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کنگز کو ایک رن سے شکست دے کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ میں کراچی کنگز کی ٹیم مسلسل سات میچ ہارنے والی پہلی ٹیم بن گئی ۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے اپنے ترین میچ میں کنگز ، یونائیٹڈ کے دیئے ہوئے 192 کے ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

لاہور میں جاری پی ایس ایل سیزن سیون کے دوسرے مرحلے میں 21ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو ایک رن سے شکست دے دی۔ کپتان بابر اعظم کی ٹیم پی ایس ایل میں لگاتار سات میچ ہارنے والی واحد ٹیم بن گئی اور تاریخ میں اپنا نام لکھوا لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

امپائر کے فیصلے پر اعتراض، جیسن رائے پر جرمانہ عائد

شعیب اختر کا شاہد خان آفریدی کو آرام کرنے کا مشورہ

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز اسکور بنائے اور کراچی کنگز کو جیت کے لیے 192 رنز کا ہدف دیا۔

اسپورٹس کی دنیا کے معروف صحافی فیضان لاکھانی نے کراچی کنگز کی ہار پر طنز کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "کراچی کنگز نے پی ایس ایل کے ایونٹ میں مسلسل سات مرتبہ ہار کے تاریخ رقم کردی ہے۔”

 

کنگز کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز بابر اعظم اور شرجیل خان نے کیا تاہم 17 کے مجموعی اسکور پر کپتان بابر اعظم 9  گیندوں پر 13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ جو کلارک بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے جبکہ صاحبزادہ فرحان نے 21 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 17 رنز اسکور کیے۔

76 کے مجموعی اسکور پر شرجیل خان بھی آؤٹ ہو گئے انہوں نے 29 گیندوں پر 44 رنز کی اننگز کھیلی۔

محمد نبی 3 گیندوں پر 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر عماد وسیم اور قاسم اکرم نے پراعتماد بیٹنگ کی اور اسکور کو 188 پر لے گئے ۔ یہ وہ موقع تھا جب کراچی کنگز کی جیت کے امکان پیدا ہو گئے تھے۔

آخری اوور میں کراچی کنگز کو جیت کے لیے 8 رنز درکار تھے تاہم 20ویں اوور کی تیسری وکٹ پر عماد وسیم آؤٹ ہو گئے۔ 190 کے مجموعی اسکور پر جورڈن تھامسن 20ویں اوور کی 5ویں گیند پر آؤٹ ہو گئے جبکہ 20ویں اوور کی آخری گیند پر کرس جورڈن رن آؤٹ ہو گئے  اور اس طرح کراچی کنگز ، اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں ایک رن سے ہار گئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے گیند بازوں نے کراچی کنگز کے ٹاپ آرڈر کو اچھا آغاز کرنے نہیں دیا اور میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سب سے کامیاب باؤلر محمد وقاص رہے جنہوں نے 34 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آصف علی نے 21 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ لیام ڈاؤسن اور ذیشان ضمیر کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ٹاپ اسکورر شاداب خان تھے جنہوں نے 26 گیندوں پر 34 رنز اسکور کیے انہیں عماد وسیم نے آؤٹ کیا تھا۔ آصف علی اور فہیم اشرف نے بھی دھواں دار اننگز کھیلی، آصف نے 28 اور فہیم نے 29 رنز بنائے۔

عماد وسیم کنگز کے اسٹینڈ آؤٹ باؤلر تھے انہوں نے چار اوورز میں 30 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔

متعلقہ تحاریر