ٹینس چھوڑ دوں گا، کورونا ویکسین نہیں لگواؤں گا، نوواک جوکووچ
سربین ٹینس اسٹار کو ویکسین نہ لگوانے پر پچھلے مہینے آسٹریلین اوپن میں کھیلنے کی اجازت نہیں ملی، آسٹریلیا نے ان کو ڈی پورٹ کردیا تھا۔

سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں ٹینس ٹورنامنٹس میں حصہ لینا چھوڑ سکتے ہیں لیکن کورونا ویکسین نہیں لگوائیں گے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں ویکسین لگوانے کے خلاف مہم کا حصہ نہ سمجھا جائے لیکن وہ کسی بھی فرد کے انفرادی فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
ثانیہ مرزا نے ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
اعصام الحق میبلورن ٹینس چیمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے
جوکووچ نے کہا کہ وہ ومبلڈن اور فرنچ اوپن میں شرکت نہ کرنے کی قربانی دے سکتے ہیں لیکن کورونا ویکسین نہیں لگوائیں گے۔
20 مرتبہ گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والے کھلاڑی کو پچھلے مہینے آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کردیا گیا تھا جب حکومت نے ویکسین نہ لگوانے پر ان کا ویزا منسوخ کیا۔
جوکووچ اس وقت پوری دنیا کے نمبر ون ٹینس پلیئر ہیں اور انہوں نے کہا تھا کہ آسٹریلین اوپن ٹورنامنٹ کھیلنے کیلیے انہوں نے ویکسین نہ لگوانے کی خصوصی استثنا لے رکھی ہے۔
آسٹریلیا کے امیگریشن منسٹر نے نوواک جوکووچ کا ویزا اس بات پر منسوخ کیا تھا کہ اس سے ملک میں سول بدامنی پھیل سکتی ہے اور ویکسین مخالف خیالات کو فروغ ملے گا۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے جوکووچ نے کہا کہ میں کبھی بھی ویکسی نیشن کے خلاف نہیں تھا، مجھے بچپن میں کئی ویکسین لگی ہیں لیکن میں اس بات کی حمایت کرتا ہوں کہ ہر شخص کو اس بات کی آزادی حاصل ہونی چاہیے کہ وہ اپنے جسم میں کیا چیز لگا رہا ہے۔









