پیٹرول کی قیمت میں اضافہ، سکھر میں موٹرسائیکل کا علامتی جنازہ
مظاہرین نے وفاقی وزیر پیٹرولیم کا پتللا سائیکل پر رکھ کر گشت کیا، موٹرسائیکل کا علامتی جنازہ نکال کر حکومت کیخلاف نعرے بازی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کے خلاف سکھر کے شہریوں و سماجی تنظیموں کی جانب سے وفاقی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
سماجی رہنماﺅں کی قیادت میں دادو چوک غریب آباد سکھر میں وفاقی وزیر پیٹرولیم کا پتلا سائیکل پر رکھ کر علاقے کا گشت کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ: جیو اور ڈان نیوز سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی پیروڈی کا شکار
پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ، شان شاہد کا حکومتی فیصلے کا دفاع
اس موقع پر مظاہرین نعرے بازی کرتے رہے جبکہ بعد ازاں مظاہرین نے موٹر سائیکل کا علامتی جنازہ بنا کر سائیکل کو ہاتھ میں اٹھا کر وفاقی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو گئی ہے، آئے روز ملک میں مہنگائی کے طوفان برپا ہو رہے ہیں۔
مظاہرین نے کہا کہ ایسا لگتا ہے حکومت ملک بچاﺅ نہیں بلکہ غریب مٹاﺅ پالیسی پر عمل پیرا ہے، عوام مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکل پڑی ہے لیکن حکومت کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگ رہی۔
حالیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو جائے گا اور غریب عوام جو دو وقت کی روٹی مشکل سے کھا رہی تھی اب ایک وقت کی روٹی کو بھی ترس جائے گی۔
مظاہرین نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لے کر بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور حالیہ بڑھائی جانے والی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت فی الفور واپس لے کر عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔